سر چھپانے کیلئے چھت کا حصول ہر شخص کا بنیادی حق ہے ،حکومت سستے ،معیاری گھر کی فراہمی کیلئے میگاپراجیکٹس پر کام کررہی ہے‘رفیق رجوانہ

گذشتہ چند برسوں کے دوران ہائوسنگ کے شعبے میں خاصی ترقی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں عوام کو سستے اور معیاری گھروں کی فراہمی یقینی ہوئی ہے ‘گورنر پنجاب

پیر 14 نومبر 2016 22:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما جہانگیر بد ر کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر صحافیوں، وکلاء سمیت سیاسی اور مذہبی رہنمائوں کے ساتھ ساتھ لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ نمازے جنازے کے بعد مرحوم کے بلنددرجات اور مغفرت کے لئے خصوصی دُعا مانگی گئی۔

بعد ازاں،ء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ جہانگیر بدر (مرحوم) کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے بلند درجات اور مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر بدر درویش صفت اور جمہوری سوچ و فکر کے سیاستدان تھے ،جمہوریت کے میدان میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کے 10 رکنی وفدنے اکبر شیخ کی قیادت میں ملاقات کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ سر چھپانے کے لئے چھت کا حصول ہر شخص کا بنیادی حق ہے اور حکومت سستے اور معیاری گھر کی فراہمی کے لئے میگاپراجیکٹس پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران ہائوسنگ کے شعبے میں خاصی ترقی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں عوام کو سستے اور معیاری گھروں کی فراہمی یقینی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی ترقی سے کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہواہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیار تعمیر کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ حفاظتی انتظامات کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔اس موقع پروفدنے ایسوسی ایشن کے مقاصد اور اب تک کی کارکردگی بالخصوص کم آمدن والے طبقہ کیلئے گھر کی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا۔ وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ دریں اثناہء، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے آج لائن آف کنٹرل پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے فوجی جوانوں کی شہادت پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں گورنر پنجاب نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دُعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین جو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

متعلقہ عنوان :