ساڑھے چارکروڑ روپے کی لاگت سے سیوریج کا منصوبہ مکمل کیا جائے گا جس سے حلقہ پی پی 70کی بارہ سے زائد آبادیوں میں نکاسی آب کا گھمبیر مسئلہ حل ہو جائے گا،صوبائی وزیر قانون

پیر 14 نومبر 2016 22:57

فیصل آباد ۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی منظوری سے ساڑھے چارکروڑ روپے کی لاگت سے سیوریج کا اہم منصوبہ مکمل کیا جائے گا جس کی بدولت حلقہ پی پی 70کی بارہ سے زائد آبادیوں میں نکاسی آب کا گھمبیر مسئلہ حل ہو جائے گا ۔ یہ بات صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ خاں نے مظفر کالونی میں سیوریج کے منصوبے پر عملدرآمد کے آغاز کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر واسا افسران کے علاوہ سی سی 106کے چیئرمین مرزا عبدالمالک، وائس چیئرمین میاں ساجد منظور،میاں سہیل،انور جوگی،ملک شاہد،رانا لیاقت علی ،رونق علی،مرزا محمدیونس اور کثیر تعداد میں دیگر پارٹی کارکن بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر قانون نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج کا یہ منصوبہ تیزرفتاری سے آئندہ سات ماہ میں مکمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے جس سے مظفر کالونی سمیت محمود ٹائون،علی ٹائون،راجہ پارک،مسعود آباد،نثار کالونی،عزیزٹائون،چاند کالونی ‘ون پیر آبادی،بھٹے والی آبادی ‘ستارہ کالونی اور دیگر ملحقہ آبادیوں میں گندے پانی کے نکاس کی وسیع اور دیرپا سہولیات میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 70 کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے تسلسل کے ساتھ کوشاں ہیں ۔اس ضمن میں بنیادی سہولتوں کی دستیابی سے متعلق عوام کا اب کوئی مسئلہ باقی نہیں ہے تاہم تعلیم،صحت،مواصلات،نکاسی وفراہمی آب ‘تفریحی پارکس اور دیگر شعبوں کی معیاری سہولیات میں مزید اضافہ کرنے کیلئے توسیعی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ آئندہ نسلوں کو بھی ان سہولتوں کی قلت نہ ہو۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ موجودہ حکومت تعمیروترقی اورملکی وعوامی خوشحالی کے وسیع ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور ان انقلابی ترقیاتی اقدامات کی بدولت آئندہ سال تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر بھی قابو پالیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ پاکستان کی تقدیر سنواردے گا اور اسکی مخالفت کرنے والوں کوخفت کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔انہوں نے قوم کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گوادرپورٹ سے پہلے تجارتی قافلے کی روانگی سے پاکستان اہم تجارتی مرکز بن چکا ہے اور یہ خواب ایک حقیقت بن چکا ہے اور اقتصادی ترقی کا یہ اعزاز وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میںموجودہ حکومت کا طرہ امتیاز ہے ۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والی سازشوں کوناکام بنانے کے لئے موجودہ حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں کیونکہ وزیراعظم محمد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف عوامی فلاح وبہبود کے ساتھ ساتھ ملک کو مختلف بحرانوں سے نکالنے کیلئے سرگرم عمل ہیں جس کے واضح نتائج حاصل ہورہے ہیں ۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کی حلقہ کی تعمیروترقی اورعوامی مسائل حل کرنے کے لئے بھرپور خدمات کوخراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں سے حلقہ پی پی 70 ایک مثالی علاقہ بن چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :