صفائی کے ناقص انتظامات پر3 فوڈ سنٹرز سیل

پیر 14 نومبر 2016 22:57

فیصل آباد ۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر شہبازسرور نے فوڈ سیفٹی افسران کی فورس کے ہمراہ کھانے پینے کی اشیاء کے معیار،صحت وصفائی اوردیگر ضروری امور کو چیک کرتے ہوئے 3 فوڈ سنٹرز کو سیل اور13 فاسٹ فوڈ سنٹرز وسویٹس کو مجموعی طورپر ایک لاکھ 68ہزارروپے جرمانہ عائد کیا۔

تفصیلات کے مطابق نڑوالا روڈدھوبی گھاٹ میں کارروائی کرتے ہوئے ہارٹ اینڈ سپائسی برگراینڈ شوارما کو صفائی کے ناقص حالات،کیچپ میں کیڑے مکوڑوں اورمچھروں کی موجودگی،تیارشدہ کھانے پینے کی اشیاء کے قریب کوڑا دان اور فالتو سامان کی موجودگی ‘ستیانہ روڈ پر شہزاد فوڈ پراڈیکٹس کو کچن میں ورکرز کے سگریٹ نوشی کرنے،نامناسب لیبلنگ،صابن کی عدم موجودگی اور پہلے سے پرنٹ شدہ تاریخ تنسیخ اور تاریخ اجراء والے لیبل اشیاء پر لگانے کی بناء پر اور پاسبان چوک میں لاثانی سویٹس کو گندے ماحول پر سیل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ستیانہ روڈ پر بیسٹ ویسٹرن ہوٹل کو نامناسب لیبلنگ اور تاریخ تنسیخ نہ ہونے پر 25ہزارروپے جرمانہ کیا۔اسی طرح اویس ہوٹل ستیانہ روڈ اور فوڈز اینڈ موڈز جناح کالونی کو ناقص انتظامات پر 5/5ہزارورپے جرمانہ،الطیبہ آئس بار کو گندے فریز رکھنے پر پانچ ہزار روپے ‘ملت چوک میں اریبک پیزا اور دی پیزاہٹ اینڈ فرائیڈ چکن کو صفائی کے ناقص انتظامات اورحفظان صحت کے اصولوں کے منافی ماحول پر باالترتیب دس اوربارہ ہزارروپے جرمانہ کیا۔

ستیانہ روڈ پر آئیڈیل سویٹس اینڈ بیکرز کو اشیاء ڈھانپ کرنہ رکھنے اور زمین پر رکھنے کی پاداش میں 10ہزارروپے جرمانہ،ملت روڈ پر ہارٹ پیزا کو بارہ ہزار روپے ‘شہریار ریسٹورنٹ کو 25 ہزار روپے ‘ چنک اینڈ چیز کو ورکرز کے میڈیکلز نہ ہونے،گندے فریزر کے استعمال پر دس ہزارروپے‘ جناح کالونی میں شاہ چکن شاپ کو دس ہزار روپے ‘ ملت چوک میں جمال سویٹس اینڈ بیکرز کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 25 ہزار روپے اور شہزادریسٹورنٹ کو پانی کے فلٹر میں پھپھوندی کی موجودگی،ناقص صفائی ستھرائی پر 25ہزارروپے جرمانہ کیااور اقبال سٹیڈیم میں ویلیج ویلی فوڈ پوائنٹ کو کھانے پینے کی اشیاء ڈھانپ کر نہ رکھنے پر چودہ ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

دریں اثناء پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ روز کلیم شہید چوک،ڈی ٹائپ کالونی میں قائم اتوار بازاروں،سمن آباد میں خیام ریسٹورنٹ اور ماڈل بازار جھنگ روڈ کو معاملات بہتر بنانے کے بارے میں نوٹسز جاری کئے۔