ضلع میں کسان پیکیج کے تحت کاشتکاروں کی بلا سود قرضوں کی فراہمی کیلئے رجسٹریشن کا عمل تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر

پیر 14 نومبر 2016 22:58

فیصل آباد ۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر ضلع میں کسان پیکج کے تحت کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے اجراء اور بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لئے رجسٹریشن کا عمل تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے ۔ یہ بات ڈی سی او سلمان غنی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں کاشتکاروں کو کسان کارڈ اور بلا سود قرضوں کی فراہمی کے امور کا جائزہ لیا گیا ۔

ای ڈی او زراعت چوہدری عبدالحمید ‘ ڈی او زراعت شبیر افضل وڑائچ ‘ اسسٹنٹ کمشنرز بلاول ابڑو ‘ میر محمد نواز‘ کنور انوار خاں ‘ شہر یار عارف ‘ ڈی ڈی اوز زراعت ‘اراضی ریکارڈ سنٹرز کے انچارجز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صدر اجلاس نے ساڑھے بارہ ایکٹر اراضی کے حامل کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے اجراء کے سلسلے میں جاری رجسٹریشن کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ تمام عمل شفاف ہونا چاہئے تاکہ چھوٹے کاشتکار حکومت پنجاب کی اس انقلابی سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں ۔

انہوں نے کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے رجسٹریشن کے عمل میں تیزی لانے کی تاکید کی اور کہا کہ جن مواضعات کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل جاری ہے ان علاقوں سے متعلقہ کسانوں کو حکومت پنجاب کی ہدایات پر رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کسان کارڈ کے لئے کاشتکاروں کے ڈیٹا کی فیڈنگ کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تحصیلوں کی سطح پر کاشتکاوں کو کسان کارڈ اور بلا سود قرضوں کی فراہمی سے آگاہی کے لئے سیمینارز بھی منعقد کئے جائیں۔ ای ڈی او زراعت چوہدری عبدالحمید نے کسان کارڈ اور بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لئے رجسٹریشن کے عمل کی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔