وفاقی اور خیبر پختونخوا کی حکومت چاہتی ہیں کہ پر امن طریقے سے افغان مہاجرین واپس چلے جائیں‘ پرویز خٹک

پیر 14 نومبر 2016 22:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاقی اور خیبر پختونخوا کی حکومت چاہتی ہیں کہ پر امن طریقے سے افغان مہاجرین واپس چلے جائیں‘میرا موقف ہے کہ غیر رجسٹر مہاجرین کو رجسٹرڈ کیا جائے‘ زبردستی کسی کو نہیں نکالا جائے گا۔ وہ افغان مہاجرین کی واپسی کے معاملے پر بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔پرویز خٹک نے کہا کہ ابھی تک 5 سے 6 لاکھ مہاجرین کو واپس بھیج چکے ہیں۔ ہم بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی نہیں کرسکتے۔ افغان مہاجرین اپنی خوشی سے جارہے ہیں‘ہماری تجویز ہے کہ مقررہ وقت میں انہیں واپس بھیجا جائے۔ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس میں تجاویز پر اتفاق رائے ہوگیا ہے امید ہے 2017 کے آخر تک 15 لاکھ افغان مہاجرین کو واپس بھیج دیا جائے گا‘ مہاجرین کو زبردستی نہیں باعزت طریقے سے واپس بھیجیں گے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر جارحیت کی مذمت کرتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :