بھارت کی طرف سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پرکی جانے والی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے، لائن آف کنٹرول کے پار سے سیز فائر کی بھارتی خلاف ورزی کے نتیجے میں ہمارے سات جوان شہید ہو گئے ہیں

ڈائریکٹر جنرل آف آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

منگل 15 نومبر 2016 10:53

بھارت کی طرف سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پرکی جانے والی خلاف ورزیوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل آف آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پرکی جانے والی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے، رواں سال میں ایل او سی پراب تک بھارت 199 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے جبکہ ورکنگ بائونڈری پر بھی 38 مرتبہ خلاف ورزی کر چکا ہے اس طرح بھارت مجموعی طور پر 237 مرتبہ خلاف ورزی کر چکا ہے، لائن آف کنٹرول کے پار سے سیز فائر کی بھارتی خلاف ورزی کے نتیجے میں ہمارے سات جوان شہید ہو گئے ہیں جو ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔

پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت گذشتہ چند ماہ سے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتا آ رہا ہے اور ستمبر سے لیکر اب تک بھارتی افواج کی سیز فائرکی خلاف ورزی کا یہ سلسلہ جاری ہے جس میں ہمارے دو جوانوںکو پہلے شہید کیا گیا جبکہ سات کو گذشتہ روز شہید کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ رواں سال میں ایل او سی پراب تک بھارت 199 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے جبکہ ورکنگ بائونڈری پر بھی 38 مرتبہ خلاف ورزی کر چکا ہے اس طرح بھارت مجموعی طور پر 237 مرتبہ خلاف ورزی کر چکا ہے جس میں زیادہ تر خلاف ورزیاں ستمبر کے بعد کی گئی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستمبر میں ہونے والے اجلاس سے یہ خلاف ورزیاں شروع ہیں کیونکہ وزیراعظم محمد نواز شریف جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا بڑا موثر پوائنٹ آف وئیو پیش کرنے والے تھے جس کے بعد سے یہ خلاف ورزیاں شروع ہو گئیں جو اب تک جاری ہیں، کشمیریوں کی پرامن جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے بھارتی افواج نے ظلم و بربریت کی انتہا کر دی لیکن وہ پھر بھی انہیں دبانے میں ناکام رہے کیونکہ وہ لوگ اپنے حق خود ارادیت کے لیے پرامن تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں، بھارت نے آزاد کشمیر میں سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹا ڈرامہ بھی رچایا جسے پورے عالمی میڈیا نے دیکھا کہ یہ بھارت کا خود ساختہ رچایا ہوا جھوٹا ڈرامہ تھا جس کے بارے میں وہ کوئی بھی ثبوت پیش نہ کر سکے جس کے بعد اس بھارتی ڈرامے پر بھارت سمیت پوری دنیا میں کئی سوال بھی اٹھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک پیٹرن دیکھ رہے ہیں کہ ہر اہم ایونٹ سے پہلے یا پھر جونہی جدو جہد آزادی کشمیر تھوڑی سی بھی تیز ہوتی ہے تو بھارت کی طرف سے ایل او سی پر غیر معمولی خلاف ورزیاں شروع ہو جاتی ہیں جس کا نقصان ہوتا ہے جس کے جواب میں پاکستان کی طرف سے بھرپور اور موثر جواب دیا جاتا ہے، بھارتی افواج کی ان خلاف ورزیوں کے جواب میں اب تک جو بھارتی مارے گئے ہیں ان کی تعداد پاکستانی شہداء سے تین گنا زیادہ ہے لیکن وہ بتاتے نہیں حالانکہ ہم جو بھی جوان شہید ہوتے ہیں ان کے بارے میں بالکل درست بتاتے ہیں کیونکہ ہمارے لیے شہادت ہی سب سے بڑھ کر ہے، بھارت متعدد معاہدوں کی بھی خلاف ورزی کر رہا ہے اور حال ہی میں استعمال ہونے والا آرٹلری فائر بھی بھارت کی طرف سے 13 سال کے بعد استعمال کیا گیا ہے، بھارت ورکنگ بائونڈری پر ہمیشہ پاکستانی دیہاتی لوگوں کو ہی نشانہ بناتا ہے۔