ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح پر امریکی عوام کے ساتھ جانور بھی غصے میں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 15 نومبر 2016 12:56

ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح پر امریکی عوام کے ساتھ جانور بھی غصے میں

نیویارک(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 نومبر۔2016ء) صدارتی انتخابات میں غیرمتوقع نتائج اور ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح پر جہاں امریکی عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے وہیں جانور بھی نومنتخب صدر کی فتح پرغصے میں نظر آرہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق امریکا میں 45 ویں صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار وں کی کامیابی کے بعد ٹرمپ کو صدر منتخب کردیا گیاہے تاہم ان کی تقاریر اور اعلان کردہ پالیسیوں کے باعث امریکیوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔

صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی مدمقابل خاتون امیدوار ہیلری کلنٹن کی فتح کے قوی امکانات تھے مگر امریکا کی عوام نے اس بار ری پبلکن پارٹی کو مینڈیٹ دے کر ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیاب قرار کروایا۔جہاں امریکی عوام میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے پرغم وغصہ پایا جارہا ہے وہیں جانور بھی اس بات پر نالاں نظر آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بات اس وقت سامنے آئی جب امریکا میں مقیم ایک خاتون نے اسمارٹ فون پر اپنی پالتو بلی کو مختلف سیاستدانوں کی تصاویر دکھائیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون نے سب سے پہلے بلی کو ہیلری کلنٹن کی تصویر دکھائی تو اس نے کوئی ردعمل نہیں دیا بعد ازاں انہوں نے سینیٹر سینڈرز کی تصویر بلی کے سامنے کی تو وہ خاموش بیٹھی رہی۔بعد ازاں خاتون نے اپنے فون میں نومنتخب صدر کی تصویر لگاکر اس کی اسکرین کو جیسے ہی بلی کے آگے کیا وہ غصے سے ’غرانے‘ لگی جس پر خاتون نے موبائل پیچھے ہٹایا دیا۔ کچھ لمحے بعد دوبارہ موبائل بلی کے آگے سامنے کیا جس پر بلی کا غصہ بڑھ گیا اور اس نے اسکرین پر موجود ٹرمپ کی تصویر کو پنجا مارا۔بلی کو غصے میں دیکھتے ہوئے خاتون نے موبائل پیچھے ہٹا کر پھر اس کے سامنے کردیا جس پر بلی وہاں سے اٹھ کر دوسرے مقام کی طرف چل پڑی۔