گندم کا بیماریوں سے پاک بیج کاشت کرنے کی ہدایت

منگل 15 نومبر 2016 13:15

فیصل آباد۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گندم کی ترقی دادہ اقسام کامنظورشدہ اور بیماریوں سے پاک بیج پنجاب سیڈکارپوریشن کے ڈپوؤں اور ڈیلروں سے خرید کرکاشت کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ چونکہ20نومبر کے بعد کاشت کی گئی گندم کی پیداوار میں کمی آنا شروع ہوجاتی ہے لہٰذاکاشتکار گندم کی فصل کی کاشت جلد از جلد مکمل کر لیں۔

(جاری ہے)

محکمہ کے ترجمان نے بتایا کہ کپاس کی کھڑی فصل میں گندم براہ راست کاشت یا کپاس یا دھان کے مڈھوں میں زیروٹیلج یا کولٹر ٹائپ سٹبل ڈرل کے ذریعے گندم کی کاشت سے بروقت کاشت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کاشتکار گندم کی منظور شدہ ترقی دادہ اقسام سفارش کردہ وقت کے مطابق کاشت کریں نیز بیج کے اگائو کی شرح 85فیصد سے کم نہ ہو بصورت دیگر شرح بیج میں اضافہ کر لیاجائے۔انہوںنے بتایاکہ پچھیتی کاشت کی صورت میں شرح بیج میں اضافہ اس لئے ضروری ہے کہ درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے بیج کے اگائو میں تاخیر ہو جاتی ہے، پودا شگوفے کم بناتا ہے اور سٹے چھوٹے رہ جاتے ہیں لہٰذا بیج کی مقدار ایک حد تک بڑھانے سے بنیادی شاخوں میں اضافہ ہوگا جو پیداوار میں اضافے کا سبب بنے گا۔