گوادر بندر گا فعال ہونے سے تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ملکی خوشحالی کی دلیل ہے،کاشف انور

منگل 15 نومبر 2016 13:16

لاہور۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ گوادر بندر گا فعال ہونے سے تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ملکی خوشحالی کی دلیل ہے۔

(جاری ہے)

منگل کے روز انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ گوادر پورٹ اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو صنعتی لحاظ سے ایشیاء کا ٹائیگر بنائے گا اور حکومت کا صنعتی ترقی کاخواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا ،انہوںنے بتایا کہ چین کے 300کنٹینروں پر مشتمل سامان کی گوادر بندر گا ہ کے ذریعے ایشائی ممالک اور عرب ممالک کے بعد یورپی یونین کو ترسیل سے گوادر تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا اورپاکستان کو راہداری اور بندرگاہ کے استعمال کی مد میں کثیر رقم حاصل ہونے سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا،انہوںنے بتایا کہ سی پیک کے تحت تجارتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے اور ہر ہفتے چینی کنٹینر قراقرم ہائی وے کے ذریعے گوادر پورٹ سے بیرون ملک جائیں گے جس سے پاکستان کو اقتصادی راہداری کی مد میں اربوں ڈالر آمدنی ہوگی ،انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں سے جہاں پاکستان کو کثیر زرمبادلہ حاصل ہوگا وہاں ملکی معیشت میں بھی استحکام آئے گا اور ملک میں روزگار کے لاکھوں مواقع دستیاب ہونگے،سی پیک منصوبہ پاکستان کی آئندہ نسلوں کے مستقبل کو سنوارنے میں معاون ثابت ہوگا۔