کینیڈا، مسافر طیارہ ڈرون کے ساتھ ٹکرانے سے بال بال بچ گیا

منگل 15 نومبر 2016 13:26

اوٹاوا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) کینیڈا میں مسافر طیارہ ڈرون کے ساتھ ٹکرانے سے بال بال بچ گیا۔ غیر ملکی میدیا کے مطابق ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً ساڑھے 7بجے اوٹاوا سے ٹورانٹو جانے والی پورٹر ایئر لائن کی فلائٹ پرواز کے دوران ایک ڈرون سے ٹکراتے ٹکراتے بچی۔ڈرون سے ہونے والی ممکنہ ٹکر سے بچانے کی اس کوشش میں جہاز کے عملے کے 2 افراد زخمی بھی ہوگئے۔

بلی بشپ ایئر پورٹ کے حکام اس واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔ مذکورہ طیارہ ٹورنٹو کے ایئر پورٹ پر اترنے سے عین قبل اونٹاریو جھیل کے اوپر محو پرواز تھا کہ پائلٹ کی نظر دور فضا میں موجود ایک شے پر پڑی اور قریب پہنچنے پر پائلٹ کو معلوم ہوا کہ یہ ڈرون ہے جو ان کے راستے میں ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے اس سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے۔حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پورٹر ایئر لائن ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے تفتیش کاروں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔

اس طیارے میں سوار عملے کے جن افراد کو چوٹیں آئی تھیں انھیں ہسپتال میں داخل کر ادیا گیا۔ جہاز میں سوار 45 مسافروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ واضح رہے کہ کینیڈا اور امریکا میں شہری ہوا بازی کے وفاقی اداروں نے ایئر پورٹ کے آس پاس کے علاقے کو 'نو ڈرون زون' قرار دے رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :