ایبٹ آباد،میجر واصف حسین شاہ شہید ستارہ بسالت کی دوسری برسی

منگل 15 نومبر 2016 14:40

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) میجر واصف حسین شاہ شہید ستارہ بسالت کی دوسری برسی نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی۔ میجر واصف حسین شاہ نے آپریشن ضرب عزم کے تحت 14 نومبر 2014ء کو بڑی بہادری، شجاعت اور غیر معمولی قیادت کے ساتھ تخریب کاروں سے لڑتے ہوئے دتہ خیل وزیرستان میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ میجر واصف حسین شاہ کی برسی کی تقریب آبائی گائوں شیخ آباد مانسہرہ میں منعقد ہوئی جس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر میجر واصف اور دیگر تمام شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی گئی اور زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ واضح رہے کہ میجر واصف حسین شاہ نے دتہ خیل وزیرستان کے علاقہ زرم سر کو جو تخریب کاروں کا محفوظ ٹھکانہ اور افغانستان سے 9 کلو میٹر کے فاصلہ پر تھا، بہت کم نفری اور اسلحہ سے تخریب کاروں کے چنگل سے آزاد کروایا ، تخریب کاروں نے انتقام کے طور پرجدید اسلحہ سے لیس اور بیرونی ممالک سے تربیت یافتہ 400 کے قریب انتہا پسندوں کے ذریعہ زرم سر کی ایک پوسٹ پر چاروں اطراف سے حملہ کر دیا، میجر واصف اپنی ہیڈ کوارٹرز والی چیک پوسٹ چھوڑ کر بمعہ چند جوانوں کے اس پوسٹ پر آئے اور فرنٹ لائن پرتخریب کاروںکا بڑے حوصلہ، جذبہ ایمانی اور شجاعت سے مقابلہ کیااور جام شہادت نوش کیا۔

(جاری ہے)

میجر واصف حسین شاہ کی اس بہادری، دلیری اور غیر معمولی کارنامہ پر حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ بسالت سے نوازا۔

متعلقہ عنوان :