پاک چین اقتصادی راہ داری اور گوادر سے چین کے تجارتی سفر کا آغاز بھارت سے برداشت نہیں ہو رہاہے ،ْشیخ روحل اصغر

بھارت کی آنکھوں میں سب سے زیادہ پاک چین اقتصادی راہ داری کھٹکتی ہے ،ْ انٹرویو

منگل 15 نومبر 2016 14:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاع کے چئیرمین شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہ داری اور گوادر سے چین کے تجارتی سفر کا آغاز بھارت سے برداشت نہیں ہو رہاہے۔ ایک انٹرویومیں انھوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آئے دن اشتعال انگیزی کی بنیادی وجوہات اس کے اندرونی حالات کا کنٹرول سے باہر ہونا، پاکستان کی جانب سے دنیا بھر میں مسلہ کشمیر کو اجاگر کرنا، گوادر پورٹ کا فعال ہونا اور پاک چین اقتصادی راہ داری منصوبہ شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بھارت کی آنکھوں میں سب سے زیادہ پاک چین اقتصادی راہ داری کھٹکتی ہے کینونکہ اس منصوبے سے سب سے زیا دہ پاکستان کے اس صوبے کو فائدہ حاصل ہوتا ہے جہاں وہ سب سے زیادہ دہشتگردی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ بھارت ملک کے اندر موجود مسلمانوں کو ڈھال بناتے ہوئے ا وچھے ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے کیونکہ اسے معلوم ہے بہت سارے پاکستانیوں کی وہاں پر رشتہ داریاں ہیں اور پاکستان مسلمانوں کی جانوں کے ضیاع کا خیال رکھتے ہوئے محتاط انداز میں جوابی کارروائی کرتا ہے تاکہ مسلمانوں کا زیادہ جانی نقصان نہ ہو۔

انھوں نے کہا کہ پاک افواج بھارتی جارحیت کا ہمیشہ بہادری سے جواب دیاہے اور ہیں اس پر فخر ہے۔ پاکستان کے اندرونی سیاسی حالات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہماری تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی ترقی کے لئے یکجاہونے کی ضرورت ہے تاکہ دشمن ممالک کو اس کی جانب میلی انکھ سے دیکھنے کی جرات ہی نہ ہو۔ امریکا بھارت تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات کے حوالے سے کئی ممالک میں تشویش پائی جاتی ہے اور امریکا بھی بھارت میں اپنے معاشی مفادات کی خاطر اسے چین کے مقابلے میں کھڑا کرنے کی کوششیں کر رہا ہے اور اسی طرح دنیا کے کئی ممالک بھارت کا اصل چہرہ دیکھنے کے باوجود اپنے اپنے مفادات کی خاطر اس کے خلاف آواز کو بلند نہیں کرتے۔

انھوں نے کہا کہ چین پاکستان میں دنیا کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کررہا ہے ، مودی سے یہ برداشت کرنا مشکل ہے اور وہ پاکستان کو تنہاکرنے کے تمام ہتھکنڈے بھی آزما چکا ہے تاہم آئندہ انتخابات میں اپنی کامیابی کے لئے پاکستان دشمنی کو جواز بنا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :