اساتذہ کی شاندار خدمات کے نتیجہ میں سکولوں میں طلبہ کی تعدادایک کروڑ سے تجاوز کرگئی، رانا مشہود

منگل 15 نومبر 2016 15:19

لاہور۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ اساتذہ طلبہ و طالبات کیلئے رول ماڈل ہیں۔اساتذہ مستقبل کے معماروںکو اعلیٰ تعلیم و تربیت فراہم کر نے میں اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں اساتذہ کی بھر تی خالصتاً میرٹ پر کی جارہی ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہوداحمد خاں نے ٹیچرز ٹریننگ اور ان کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے سکول ایجوکشن ڈیپارٹمنٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی شاندار خدمات کے نتیجہ میں سکولوں میں طلبہ کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سکولوں میں بچوں کی تعداد میں اضافہ کو مد نظر رکھتے ہوئے 36ہزار نئے کلاس رومز تعمیر کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ سکولوں میں چمکتا ، دمکتا مستقبل اور نیا ابھر تا ہو ا پاکستان دیکھ رہے ہیں ۔ اس خواب کی تکمیل کیلئے استا د کا کردارانتہائی اہمیت کا حامل ہے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ضلع بہاولپور میں اساتذہ کی عزت و تکریم اور انکی خدمات کو سراہتے ہو ئے انہیں وی آئی پی مقام دلانے کے سلسلہ میں سپیشل کارڈ کا اجراء کیا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے احترام اور انکی خدمات کے اعتراف میں سپیشل کارڈ کا دائرہ کار صوبہ کے دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔

اجلاس کے دوران تجربے کے ساتھ ساتھ بہتر کارکردگی کی بنا پر پروموشن اور اساتذہ کو آسان شرائط پر قرضے دینے سے متعلق تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اساتذہ کرام کی معاشرہ میں بہت قدرواہمیت ہے ، اساتذہ کی محنت ، قابلیت اور ان کی اپنے شعبہ میں کمٹمنٹ کی وجہ سے طلبا و طالبات بہترین انداز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجا ب نے تعلیم کے شعبہ کو فوکس کیا ہواہے یہی وجہ ہے کہ صوبہ بھر میں ڈیڑ ھ لاکھ اساتذہ ریکروٹ کئے گئے ہیں اورآئندہ مزید 82ہزار اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے۔اجلاس میں سیکرٹری سکولز ایجوکیشن عبدالجبار شاہین، سپیشل سیکرٹری عمران سکندر بلوچ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :