پنجاب اسمبلی ‘نیپرا کی غفلت سے سرکاری خزانے کو 6.50 ارب روپے کا نقصان ہونے پر قرارداد جمع

تحر یک انصاف نے اورنج لائن اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں این اوسی پرعملدرآمد نہ کرانے پر تحریک التوا کار بھی جمع کروادیدی

منگل 15 نومبر 2016 16:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) تحریک انصاف نے نیپرا کی غفلت سے سرکاری خزانے کو 6.50 ارب روپے کا نقصان ہونے پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی‘ اورنج لائن اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں این اوسی پرعملدرآمد نہ کرانے پر تحریک التوا کار بھی جمع کروائی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن سبطین خان کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں نیپرا کی غفلت سے سرکاری خزانے کو 6.50 ارب کا نقصان پہنچنے پر قرارداد جمع کرائی گئی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ نیپرا کی رپورٹ کے مطابق اچ پلانٹ کے لیے ٹرانسمیشن لائن نہ بچھانے کے باعث حکومت کو 6.50 ارب کا نقصان ہوا ہے جبکہ گرڈ اسٹیشنز کی تعمیر میں تاخیر سے 30 کروڑ روپے کے اضافی اخراجات ہوئے لہذا ذمہ د اروں کے خلاف کارروائی کی جائے دوسری جانب پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں پی ٹی آئی کے رکن احمد خان کی جانب سے اورنج لائن اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں این اوسی پرعملدرآمد نہ کرانے پر تحریک التوا جمع کروائی گئی ہے تحریک التوا میں نشاندہی کی گئی ہے کہ محکمہ ماحولیات کی جانب سے اورنج ٹرین اور شہر میں دیگر ترقیاتی منصوبوں پر جاری کردہ این او سی پر محکمہ خود ہی عملدرآمد نہیں کرا سکا جس کے نتیجہ میں آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔