غذائیت سے بھرپورمحفوظ خوراک کی تیاری عظیم کامیابی ہے ،ْانیسہ زیب طاہرخیلی

منگل 15 نومبر 2016 16:39

غذائیت سے بھرپورمحفوظ خوراک کی تیاری عظیم کامیابی ہے ،ْانیسہ زیب طاہرخیلی
پشاور۔15نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)خیبر پختونخوا کی وزیر معدنی ترقی و محنت انیسہ زیب طاہر خیلی نے خوراک و زراعت ،بجلی کی پیداوار اور صحت کے شعبوں میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی نمایاں خدمات و کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن کے نیوکلیئر ادارہ برائے خوراک و زراعت (نیفا) کے سائنسدانوں نے اپنی انتھک محنت کے نتیجے میں دیگر شعبوں میںکامیابیاں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ایٹمی شعاعوں کے استعمال کے ذریعے طویل المیعاد ،دیرپا اور فوری استعمال کی محفوظ خوراک تیار کرکے عظیم کامیابی حاصل کی ہے، غذ ائیت سے بھرپور اور تین سال تک محفوظ رکھنے کی صلاحیت والی اس تیار خوراک کو کسی بھی قدرتی آفت یا دیگر مواقع میںمحفوظ طریقے سے متاثرہ افراد تک بروقت پہنچایا جا سکتا ہے جو نیفا کے سائنسدانوں کی محنت اور کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے نیو کلیئر ادارہ برائے خوراک و زراعت (نیفا) ترناب پشاور میں شعاعوں کے ذریعے محفوظ کردہ "دیرپا اور محفوظ رکھی جانے والی تیار خوراک "کے حوالے سے دوسری ایک روزہ ورکشاپ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ورکشاپ سے ڈائریکٹر نیفا ڈاکٹر احسان الله ، چیف سائنٹسٹ ڈاکٹر اورنگزیب و دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا اورنیفا کے سائنسدانوں کی تیارکردہ اس تیار خوراک کی افادیت اور خوبیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

ورکشاپ میں سائنسدانوں،محقیقین، دفاعی اداروں اور پولیس و زراعت کے شعبہ جات سے وابستہ حکام نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ نیفا کے سائنسدانوں نے اپنی کمال مہارت سے نہ صرف فصلوں کی بہتر پیداواری اقسام متعارف کرائی ہیں بلکہ نیوکلیائی طریقوں سے پھلوں کی حفاظت کیلئے بھی مفید طریقے وضع کئے ہیں ، اس ادارے کی بدولت زمین کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے بھی نہایت اہم کام ہو ا ہے جو ہماے سائنسدانوں کی کا وشوں کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ نیفا متعدد زرعی تحقیقاتی اداروں سے باہمی رابطے میں رہ کر یہاں پر مختلف زرعی شعبوں میں بہتری لانے کیلئے کوشاں ہے۔