نیفا کا شعاعوں کے ذریعے غذائیت سے لیس اور طویل المیعاد محفوظ خوراک کی تیاری عظیم کامیابی ہے،انیسہ زیب طاہرخیلی

منگل 15 نومبر 2016 17:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء)خیبر پختونخوا کی وزیر معدنی ترقی و محنت انیسہ زیب طاہر خیلی نے خوراک و زراعت ،پاور جنریشن اور صحت کے شعبوں میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی نمایاں خدمات و کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن کے نیوکلیئر ادارہ برائے خوراک و زراعت (نیفا) کے سائنسدانوں نے اپنی انتھک محنت کے نتیجے میں دیگر شعبوں میںکامیابیاں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ایٹمی شعاعوں کے استعمال کے ذریعے طویل المیعاد ،دیرپا اور فوری استعمال کی محفوظ خوراک تیار کرنا ایک عظیم کامیابی ہے۔

غذ ائیت سے لیس اور تین سال تک محفوظ رکھنے کی صلاحیت سے بھرپور اس تیار خوراک کو کسی بھی قدرتی آفت یا دیگر مواقع میںمحفوظ طریقے سے متاثرہ افراد تک بروقت پہنچایا جا سکتا ہے جو نیفا کے سائنسدانوں کی محنت اور کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے نیو کلیئر ادارہ برائے خوراک و زراعت (نیفا) ترناب پشاور میں شعاعوں کے ذریعے محفوظ کردہ "دیرپا اور محفوظ رکھی جانے والی تیار خوراک "کے حوالے سے دوسری ایک روزہ ورکشاپ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔

ورکشاپ سے ڈائریکٹر نیفا ڈاکٹر احسان الله ، چیف سائنٹسٹ ڈاکٹر اورنگزیب و دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا اورنیفا کے سائنسدانوں کی تیارکردہ اس تیار خوراک کی افادیت اور خوبیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ورکشاپ میں سائنسدانوں،محقیقین، دفاعی اداروں اور پولیس و زراعت کے شعبہ جات سے وابستہ حکام نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر خطاب کے دوران کہا کہ نیفا کے سائنسدانوں نے اپنی کمال مہارت سے نہ صرف فصلوں کی بہتر پیداواری اقسام متعارف کرائی ہیں بلکہ نیوکلیائی طریقوں سے پھلوں کی حفاظت کیلئے بھی مفید طریقے وضع کئے ہیں اور اس ادارے کی بدولت زمین کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے بھی نہایت اہم کام ہو ا ہے جو ہماے سائنسدانوں کی کائوشوں کا نتیجہ ہے ۔

انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ نیفا متعدد زرعی تحقیقاتی اداروں سے باہمی رابطے میں رہ کر یہاں پر مختلف زرعی شعبوں میں بہتری لانے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ مختلف قدرتی آفات اور نامساعد حالات کی وجہ سے متاثرہ ہے اور یہاں پر غربت بھی ہے لہذا ایسے حالات میںنیفا کی تیارکردہ دیرپا اور محفوظ تیار خوراک انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے اندرونی و بیرونی حالات کے تناظر میں ہمیں اتفا ق و اتحاد کی ضرورت ہے اور اپنے دفاعی اداروں اور افواج کی بیک اپ سپورٹ ہمارے لئے انتہائی ضروری ہے لہذا اس سلسلے میں نیفاکی تحقیقاتی کوششوں کے نتیجے میں تیار کردہ اس خوراک کو ہماری افواج کیلئے استعمال میں لانا انتہائی خوش آئند بات ہے ۔انہوں نے نیفا کے نئے زیر غور منصوبوں حلال فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری اور انسٹی ٹیوٹ آف جیمالوجی کے قیام کو بے حد سراہااور کہا کہ اس ضمن میں صوبائی حکومت اور ان کی طرف سے نیفا کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ نیفا بیرون ملک مختلف فورمز پر بائیو ٹیکنالوجی اور بائیو ڈائی ورسٹی کے شعبوں میں ملک کی نمائندگی کرتا آرہا ہے جو ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر حکومت جیمز اینڈ جیمالوجی کا ادارہ بنارہی ہے اور نیفا کے باہمی تعاون سے ہم اس سلسلے میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معدنیات اور جم اسٹون اس صوبے کے قیمتی اثاثہ جات میں شامل ہیںاور یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ نیفا کے سائنسدان قیمتی پتھروں کو تابکاری شعاعوں کے ذریعے مزید بیش قیمت بنانے پر بھی کام کر رہے ہیں جس سے ہماری معیشت مزید بڑھے گی ۔

انہوں نے نیفا کے سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ایجادات کو محض لیبارٹریزتک محدود نہیں رکھتے بلکہ ان کے فوائد کو عوام تک پہنچا رہے ہیںاور خاص طور پر خوراک و زراعت کے تحقیق کا حقیقی مقصد بھی یہی ہونا چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سائنسدانوں کو ایسے طریقے وضع کرنے چاہئے جن سے عام لوگوں کو فوائد حاصل ہوں اور ان کا معیار زندگی بلند ہو سکے۔