سکولوں سے حافظ قرآن بن کر نکلیں گے تو معاشرے میں تفرقہ بازی ختم ہوگی‘اسلام آباد حفظ اسکول نے دنیاوی کے ساتھ دینی تعلیم کا آغاز کر کے آزادکشمیر میں ایک اچھی روایت ڈالی ہے‘قرآن کریم کے پہلے معلم خود رسول ؐ تھے اورپہلے شاگرد صحابہ کرام واہل بیت تھے،ہمیں اس سلسلے کو پروان چڑھانا ہے

صدرمسلم کانفرنس وسابق وزیراعظم سردار عتیق کا اسلام آباد حفظ اسکول کی پہلی دستارفضیلت کانفرنس سے خطاب

منگل 15 نومبر 2016 17:28

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) صدرآل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ سکولوں سے حافظ قرآن بن کر نکلیں گے تو معاشرے میں تفرقہ بازی ختم ہوگی،اسلام آباد حفظ اسکول نے دنیاوی کے ساتھ دینی تعلیم کا آغاز کر کے آزادکشمیر میں ایک اچھی روایت ڈالی ہے،قرآن کریم کے پہلے معلم خود رسول ؐ تھے اورپہلے شاگرد صحابہ کرام واہل بیت تھے،ہمیں اس سلسلے کو پروان چڑھانا ہے،ان خیالات کا اظہار سردارعتیق احمد خان نے گزشتہ روز اسلام آباد حفظ اسکول کی پہلی دستارفضیلت کانفرنس بسلسلہ تکمیل حفظ قرآن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اسکول کے تین طلبہ وطالبات طلحہ فاروق،رضوان فاروق اور سیدہ خدیجہ گیلانی نے تخفیظ قرآن مکمل کیا جنہیں مہمان خصوصی سردارعتیق احمد خان،صدر تقریب راجہ ثاقب مجید،ایم ڈی اسلام آباد پبلک اسکول وچیئرمین اسلام آباد حفظ اسکول مشتاق احمد خان،پرنسپل مسزمیمونہ مشتاق،سابق وزیر پیر سید مرتضیٰ علی گیلانی،پروفیسر نثار ہمدانی،سینئر صحافی عبدالواجد خان،سابق امیدواراسمبلی میر عتیق الرحمان،خواجہ شفیق ،انصرپیرزادہ،شیخ مقصود،یاسر نقوی،سجاد عباسی،ہارون آزاد نے دستار بندی اور چادر پوشی کی اورحفظ قرآن مکمل کرنے پرسرٹیفکیٹ ،شیلڈ تقسیم کیں اور ہار پہنائے،اس موقع پرحفظ اسکول کے اساتذہ ،قاری محمد مبشر،قاری محمد جمیل کو بھی بہترین کارکردگی پر سردارعتیق احمد خان نے سرٹیفکیٹ اور شیلڈ دیں،سردار عتیق احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مستشرقین اس وقت قرآن کریم کے خلاف عالمی سازش میں مصروف ہیں،اور جہاد کی آیات قرآن مجید سے نکال کر اُس کا اصل مفہوم اورمقصد تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،مگر سینوں میں قرآن محفوظ ہیں اورقرآن کی حفاظت کا ذمہ خود اللہ کریم نے لیا ہے اسے کوئی نقصان نہیں پہنچاسکتا،انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی دوری کی وجہ سے ہم فرقہ فرقہ میں بٹ چکے ہیں،علاقایت ،قومیت،لسانیت اسلام کے خلاف ہے،سورہ رحمان کی تلاوت سننے سے اگر کینسر کے مریضوں کو شفاء ملی ہے تو پورے قرآن کی برکت اور شفاء تو پورے عالمین کیلئے کافی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قرآن میں دنیا کے تمام علوم موجود ہیں،اس لیے مسلمانوں کو اس سے رہنمائی لینی چاہیے،اسلام آباد پبلک اسکول نے تین سال قبل اسلام آباد حفظ سکول کا آغاز کر کے ایک اچھی روایت قائم کی ہے،ان شا اللہ آئندہ سال امید ہے کہ اسکول سے بڑی تعداد میں حفاظ فارغ ہونگے۔سردارعتیق احمد خان نے سکول کی کارکردگی اوراساتذہ کی محنت کی تعریف کرتے ہوئے اسکول کے بچوں کی مٹھائی کیلئے 25 ہزار روپے کا اعلان بھی کیا۔

اسکول کے چیئرمین مشتاق احمد خان نے بتایا کہ اسلام آباد پبلک اسکول کی بنیاد1992میں رکھی گئی تھی جو تیزی سے کامیابی کی منزلیںطے کر رہا ہے،اسلام آباد پبلک سکول کے بعد دی گیٹ وے کالج بھی بہت کامیابی سے مراحل طے کر رہا ہے اور تین سال قبل قرآن ایجوکیشن فائونڈیشن کے تحت اسلام آباد حفظ اسکول قائم کیا گیا،جس میں مستند ماہر قراء حضرات خدمات سرانجام دے رہے ہیں35طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں آئندہ چند ماہ میں مزید طلبہ حفظ قرآن مکمل کریں گے،انہوں نے تین خوش نصیب حفاظ اور ان کے والدین کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کی۔

دریں اثناء سردارعتیق احمد خان نے چار گھنٹے طویل اسکول کے شاندار پروگرام کو نہایت انہماک سے ملاحظہ کیا اورخوب صورت انداز میں تلاوت اور نعت پیش کرنے پرحافظ حسان کی تعریف کی جبکہ اسکول کے ایک اور ننھے طالبعلم اخلاص فردوس نے عمدہ انداز میں تقریر کر کے حاضرین کو حیران کر دیا۔

متعلقہ عنوان :