بھمبر سیکٹر پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ بزدلانہ اقدام ہے‘بھارت مکار اور کشمیریوں کا قاتل ہے‘ پاک فوج کے شہید ہونے والے بہادر اور جرات مند جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں

سابق ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات چودھری جاوید اقبال کا بیان

منگل 15 نومبر 2016 17:28

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) سابق ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات چودھری جاوید اقبال نے کہا کہ بھمبر سیکٹر پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ بزدلانہ اقدام ہے ۔بھارت مکار اور کشمیریوں کا قاتل ہے۔ پاک فوج کے شہید ہونے والے بہادر اور جرات مند جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔پوری کشمیری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

بھارت کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ خطہ کو جنگ کی طرف لے جا رہی ہے ۔مودی سرکار نے اگر ہوش کے ناخن نہ لیے تو یہ خطہ بارود کا ڈھیر بن جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کشمیریوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ رہی ہے ۔ پیلٹ گن سے کشمیریوں کی آنکھوں کی بینائی ضائع کر رہے ہیں۔عالمی قوتوں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔

(جاری ہے)

ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کچلنے پر بھارت عالمی سطح پر ایکسپوز ہوچکا ہے۔

ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی جدوجہد کو طاقت کے منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے ختم نہیں کیا جاسکتا۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چودھری جاوید اقبال نے کہا شہداء کی قربانیاں رائیگاںنہیں جاسکتیں اوراہل کشمیر حق خودارادیت کی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔چودھری جاوید اقبال نے کہا مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک پانچویں ماہ میں داخل ہو چکی ہے ۔ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری حل کروائے۔