نوجوانوں کی مناسب تعلیم و تربیت اور آگاہی سے قومی ترقی کے اہداف حاصل ہوسکتے ہیں، نبیلہ ملک

ملک بھرکے مقتدر اداروں کے نمائندوں کو مشاورتی عمل میں شریک کرکے جامع پالیسی مرتب کی جائے گی رہنما فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن کی قومی مشاورتی کانفرنس سے آمنہ قریشی، عامرحمید، محمد بلال ، بہادر شاہ کا خطاب

منگل 15 نومبر 2016 18:49

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) زندگی گزارنے کی مہارتوں پر مبنی تعلیم صحت مند اورمحفوظ معاشرے کے موضوع پر قومی مشاورتی کانفرنس میں چاروں صوبوںکے متعلقہ اداروں کے پالیسی میکرز نے نوجوانوں کی مناسب تعلیم و تربیت اور انہیں زندگی کے بنیادی حقائق کے بارے میں مفید معلومات کو نصاب میں شامل کرنے کی ضرور ت پر زور دیا ہے تاکہ وہ خوشحال زندگی گزارنے کی اصولو ں سے بہرور ہو سکیں۔

اس امر کا اظہار بہبود پاپولیشن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام قومی مشاورتی کانفرنس میں کیا گیا ۔ کانفرنس میں محکمہ بہبود آبادی کے سینئر حکا م، صوبوں کے تعلیمی اور دیگر اداروں، سول سوسائٹی کے نمائندوںآمنہ قریشی عامر حمید، محمد بلال ، بہادر شاہ ، شاہینہ عنایت اور اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں ڈائریکٹر ایڈوکیسی و ریسورس موبلائزیشن نبیلہ ملک نے کہا کہ نوجوان ملکی آبادی کا 64 فیصد ہیں جنہیں قومی ترقی کے دھارے میں لانے ، قومی مسائل کی اہمیت سے آگاہ کرنے اور معاشرے میں ان کی مثبت شرکت یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ایک جامع روٹ میپ تیار کرکے اس کی آگاہی عام کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ اس مقصد کے لئے مختلف سطح پر سرگرمیاں جاری ہیں اور ملک بھرکے مقتدر اداروں کے نمائندوں کو مشاورتی عمل میں شریک کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کے مسائل کو اجاگر کرکے ایسا پلان مرتب کیا جاسکے جس سے نوجوان نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم اور آگاہی سے ہی قومی مسائل پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے اور نوجوان اس میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ کانفرنس سے ریجنل ڈائریکٹر عامر حمیداور مس آمنہ قریشی نے بھی خطاب کیا اور کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ کانفرنس میں شریک اسٹیک ہولڈرز نے اس موقع پر اپنے نقطہ نظر بیان کیا ۔

متعلقہ عنوان :