پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا مسلم لیگ (ن) اور وزیر اعظم نواز شریف کا کارنامہ ہے ،وزیر اعظم نے ایٹمی دھماکوں کے بعد پاک چین راہداری منصوبہ کامیاب بنا کر دوسرا بڑا دھماکہ کیا ، سی پیک سے ملک اور خیبر پختونخوا معاشی طور پر صف اول کے ممالک میں شامل ہو جائیگا

مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما اور ممبر صوبائی اسمبلی جمشید خان کا شمولیتی تقریب سے خطاب

منگل 15 نومبر 2016 19:13

تخت بھائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما اور ممبر صوبائی اسمبلی جمشید خان مہمند نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا مسلم لیگ (ن) اور وزیر اعظم میاں نواز شریف کا کارنامہ ہے اور ایٹمی دھماکوں کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے پاک چین راہداری منصوبہ کامیاب بنا کر دوسرا بڑا دھماکہ کیا ہے جس سے ہمارا ملک اور صوبہ خیبر پختونخواہ معاشی طور پر صف اول کے ممالک میں شامل ہو جائیگا۔

وہ تخت بھائی کے نواحی علاقے مہتر غونڈ ئی میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ جس سے ڈسٹرکٹ کونسلر میاں عبد الرحمان نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ناظم محمد یونس نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

جمشید خان مہمند نے کہا کہ تحریک انصاف کے قائد عمران خان وزیر اعظم بننے کی ہوس میں دیوانے ہو چکے ہیںجبکہ انہوں نے تین سالوں میں عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔

انہوں نے صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت تاریخ کی سب سے ناکام حکومت ہے جنہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی ایک اینٹ تک نہیں رکھی اور اس کے باوجود حکومت کے پاس خزانہ خالی اور سرکاری ملازمین کے پنشن سے قرضہ لے رہی ہے۔ انہوں نے عوام پر زوردیا کہ وہ 2018؁ء عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو کامیابی دلا کر ہی اصل تبدیلی دیکھیں گے۔