غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ذمہ داران کا اقلیتی برادری کیلئے قائم سکولوں کا دورہ

منگل 15 نومبر 2016 19:21

لاہور۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ذمہ داران نے ہندو بچوں کیلئے جنوبی پنجاب اور اندرون سندھ میں قائم سکولوں کا دورہ کیا اور بچوں کو دی جانے والی تعلیمی سہولیات اور معیار تعلیم کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے تدریسی عمل کو مانیٹر کیا اور اہلیان علاقہ اور طلباء کے والدین سے بھی ملاقاتیں کیں ۔

تفصیلات کے مطابق غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ڈپٹی مینیجر عمران خلیل اور پراجیکٹ کوارڈینیٹر طارق جاوید نے وفد کے ہمراہ بہاولپور ، رحیم یار خان اور کشمور (کندھ کوٹ) کے غزالی سکولز برائے ہندو طلباء کا دورہ کیا اور انہیں دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ، جہاں 700 سے زائد ہندو بچے اور بچیاں مذہبی آزادی کے ساتھ قطعی طور پر مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عامر جعفری کا کہنا ہے کہ ادارے نے ہندو بچوں کیلئے دستیاب تعلیمی سہولیات کی کمی کو شدت کے ساتھ محسوس کرتے ہوئے اور قومی ہم آہنگی کی ترویج کے جذبے سے ہندو بچوں کیلئے ’’تعلیم سب کیلئے‘‘ کے سلوگن کے ساتھ پہلے مرحلے میں 6 سکولوں کا الگ تعلیمی پراجیکٹ شروع کیا تھا جسے خاصی پذیرائی حاصل ہوئی ہے ۔

ان سکولوں میں ہندو بچے ہندو اساتذہ ہی کی سرپرستی میں زیر تعلیم اور پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کا نصاب پڑھ رہے ہیں ۔ سید عامر جعفری نے اس پراجیکٹ کو مرحلہ وار ملک کے ہندو آبادی والے دیگر حصوں تک پھیلانے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے ۔ واضح رہے کہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ اس سے قبل وسائل سے محروم بچوں کیلئے ملک کے چاروں صوبوں کے پسماندہ دیہاتوں میں 672 سکولوں کا نیٹ ورک چلا رہا ہے جہاں سفید پوش خاندانوںکے 80 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات پُراعتماد طریقے سے تعلیم کے مدارج طے کرررہے ہیں جبکہ ٹرسٹ تعلیمی ترقی کے مختلف پراجیکٹس میں حکومت پنجاب کے ادارے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کا بھی پارٹنر ہے ۔