آصفہ بھٹوزرداری اور مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کی جہانگیر بدر مرحوم کے گھر آمد

اہلخانہ سے ان کے انتقال پر اظہار تعزیت‘مرحوم کی پارٹی کیلئے گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،آصفہ بھٹو تمام پارٹی کارکنان کو جہانگیر بدر کے بچھڑ نے کا بہت دکھ ہے‘ہم پی ٹی آئی کے کسی ڈرامے اور احتجاج میں ان کا حصہ نہیں بنے‘سمجھ سے بالاتر ہے کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں یوم تشکر کس بات کا منایا ،مولا بخش چانڈیو کی میڈیا سے گفتگو

منگل 15 نومبر 2016 19:43

آصفہ بھٹوزرداری اور مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کی جہانگیر ..
لاہور۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزاردی آصفہ بھٹوزرداری منگل کے روز پی پی پی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کیلئے ان کے گھر پہنچیں۔ اس موقع پرمشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ آصفہ بھٹوزرداری نے جہانگیر بدر مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت کی۔

آصفہ بھٹو زرداری نے جہانگیر بدر کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی پارٹی کیلئے گراں قدرخدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم نے میرے نانا ذوالفقار علی بھٹو شہید اور میری والدہ بینظیر بھٹو شہید کے ساتھ مل کر جمہوریت اور پارٹی کیلئے بڑی جدوجہد کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔

بعدازاں جہانگیر بدر مرحوم کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جہانگیر بدر کی وفات پر تمام کارکنان غمزدہ ہیں اور انہیں پنجاب کے لیڈر کے بچھڑ جانے کا بہت دکھ ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے نانا شہید کے راستے پر چلنا شروع کر دیا ہے اور پی پی پی عوام دوست اور وطن پرست پارٹی ہے جس کی جڑیں عوام کے دلوں میں ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جس وقت پی ٹی آئی ریلی نکال رہی تھی اور دھرنے دے رہی تھی اس وقت کچھ لوگ کہہ رہے تھے کہ پی پی پی کہاں ہے مگر ہم کسی بھی ڈرامہ یا احتجاج کا حصہ نہیں بنے، اسلام آباد کا ڈرامہ بھی بند ہو گیا ہے جبکہ اسلام آباد کو بند کرنیوالی تمام باتیں بھی ختم ہو گئی ہیں۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں یوم تشکر کس بات کا منایا ۔

لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے سوال پر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے مگر بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہمارے جوانوں کو شہید کیا،بھارت نے کبھی بھی پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ نہیں بڑھایا۔

متعلقہ عنوان :