نواز شریف کی قطر پرڈوکیشن فلم بھی ناکام ہو گی‘محمو د الرشید

سپریم کورٹ میں گزشتہ روزکی سماعت سے ثابت ہو گیا کہ شریف خاندان نے منی لانڈر نگ کی

منگل 15 نومبر 2016 19:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ نواز شریف کی قطر پرڈوکیشن فلم بھی ناکام ہو گی، سپریم کورٹ میں گزشتہ روزکی سماعت سے ثابت ہو گیا کہ شریف خاندان نے منی لانڈر نگ کی، پیسے کی بیرون ملک منتقلی پرٹیکس ادا نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی نظریں عدالت عظمیٰ پر لگی ہیں جلد تحریک انصاف20کروڑ عوام کا مقدمہ جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں نہ جانے کا فیصلہ اصولی بنیادوں پر ہے جب وزیر اعظم کا کرپشن کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہو اسے عہدہ چھوڑ کر خود کو احتساب کیلئے پیش ہونا چاہئے اور اگر وہ ایسا نہیں کرتے اور ایوان کا سپیکر جانبدار ہو ایسی اسمبلی کارروائی میں حصہ لیکر کیا کرنا ہی انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان کا بہترین دوست ملک ہے اور صدر اردگان پاکستان کے خیر خواہ اورپاک ترک عوام کا آپس میں گہرا رشتہ ہے جسے تحریک انصاف قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے لیکن تحریک انصاف کا اصولی موقف ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں میاں محمود الر شید نے کہا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ کرپشن لاقانونیت ہے لیکن شہباز شریف گڈ گورننس کا دعویٰ کرتے ہی نہیں تھکتے۔ استاد ہوں، ڈاکٹر، کلرک یا کسان ہر طبقہ سڑکوں پر ہے اور اسے جائز حقوق نہیں دیئے جا رہے۔ انہوں نے کہا کو دسمبر میں پنجاب حکومت کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کریں گے جس کی تیاری شروع کر دی ہے۔