غربت اور کرپشن کا خاتمہ ہماری جدوجہد ہے‘لیاقت بلوچ

ملک کے مخلص اور محب وطن عوام کو غربت او ر کرپشن کے خاتمے اور اسلام کے بابرکت نظام کیلئے متحدکرینگے ‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

منگل 15 نومبر 2016 19:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں تمام پر امن اسلامی جمہور ی جماعتوں سے رابطہ میں ہے، غربت اور کرپشن کا خاتمہ ہماری جدوجہد ہے، ملک کے مخلص اور محب وطن عوام کو غربت او ر کرپشن کے خاتمے اور اسلام کے بابرکت نظام کے لیے متحدکریں گے،کارکنان کرپشن فری پاکستان تحریک کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

این ای126کے صوبائی زون 152کی سیاسی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان و کراچی میں دہشتگردی اور تخریب کار ی کے واقعات کی پشت پر امریکہ اور بھارت کا گٹھ جوڑ ہے۔ سی پیک ا ن کا ہدف اور اصل منزل پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ہندوستان ہر ظلم کے باوجود کشمیریوں کی آزادی کے لیے جدوجہد کو سرد نہیں کرسکا۔پاکستان کے دشمنوں کے مقابلہ کے لیے حکمران غلطیوں کا راستہ ترک کریں۔

ذاتی مفادات کی بجائے عوام کو متحد اور قومی ترجیحات پر اتفاق رائے پیدا کیاجائے۔ قومی ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے پاکستا ن پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما جہانگیر بدر کی نماز جنازہ میں شرکت کے موقع صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ مرحوم سیاسی ،جمہوری اور جدوجہدکے میدان میں صف اول کے کارکن رہنما تھے۔سیاسی، جمہوری جماعتوں سے ان کا گہرا رابطہ تھا۔پیپلز پارٹی کا اثاثہ اور ذوالفقار علی بھٹوکے جانثار ساتھی تھے۔ سیاسی محاذ پر مخلص نڈر اور جمہوری جدوجہد کرنے والے رہنما کی کمی واقع ہوگئی ہے۔

متعلقہ عنوان :