تاجروں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے جائیں گے،سی پی او

منگل 15 نومبر 2016 19:53

گوجرانوالہ۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)سی پی او وقاص نذیر نے کہا ہے کہ تاجروں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے جائیں گے اور سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے تاجروں کی مشاورت سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ امن گروپ کے عہدیداروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔

وفد میں سرپرست اعلیٰ ملک عبدالخالق ،سینئر نائب صدر حاجی محمد ارشاد اور دیگر بھی موجود تھے۔وفد نے سی پی او کو تحریری درخواست دی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ گوجرانوالہ کی سب سے بڑی مارکیٹ سیٹلائٹ ٹائون میں بے ہنگم ٹریفک ،وارڈنز کی مسلسل غیر حاضری کے باعث تاجروں اور شاپنگ کے لئے آنے والی خواتین بچوں اور دیگر کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

تاجروں نے سی پی او سے مطالبہ کیا کہ جی ٹی روڈ پر تعمیر ہونے والے پارکنگ پلازہ کو فی الفور چالو کرکے جی ٹی روڈ پر ٹریفک کو بھی رواں دواں رکھا جائے نیز سیالکوٹی دروازہ،شیرانوالہ باغ،گوندلانوالہ پھاٹک پر ناجائز تجاوزات کی بھر مار کو ختم کرکے شہریوں کی مشکلات دور کی جائیں ۔سی پی او گوجرانوالہ نے تاجروں کی تجاویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے مسائل حل کریں گے۔