جہانگیر بدر (مرحوم) کی رسم قل انکی رہائشگاہ پر ادا کی گئی ، اہل خانہ، عزیز و اقارب ، پارٹی رہنمائوں سمیت دیگر کی شرکت

مولانا طارق جمیل نے مرحوم کے درجات کی بلندی ،روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کروائی ، تعزیت کیلئے آنیوالوں کا بھی تانتا بندھا رہا آصفہ بھٹو ،مولانا بخش چانڈیو ،رضا ربانی ،لطیف کھوسہ ، شوکت بسرا ، نوید چوہدری ، بیرسٹر عامر حسن ، چوہدری محمد سرور ، اداکارہ میرا ، ڈریس ڈیزائنر بی جی سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ شخصیات کی آمد ، فاتحہ خوانی

منگل 15 نومبر 2016 20:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر جہانگیر بدر ( مرحوم ) کی رسم قل ان کی رہائشگاہ علی ٹائون میں ادا کی گئی جس میں انکے اہل خانہ، عزیز و اقارب ، پارٹی رہنمائوں سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شخصیات نے شرکت کی ، مولانا طارق جمیل نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کروائی ،مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرنے کے لئے آنے والوں کا بھی تانتا بندھا رہا۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر گردوں اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور اتوار کی شام دل کادورہ پڑنے کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔ مرحوم کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد پیر کے روز میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جہانگیر بدر (مرحوم) کی رسم قل ان کی رہائشگاہ علی ٹائون میں ادا کی گئی جس میں ان کے اہل خانہ ، عزیز و اقارب اور پارٹی رہنمائوں سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی ۔

اس موقع پر مولانا طارق جمیل نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کروائی ۔ علاوہ ازیں جہانگیر بدر کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرنے والوں کی آمد کا سلسلہ بھی دن بھر جاری رہا ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری جہانگیر بدر کی رہائشگاہ پہنچیں ، مشیر اطلاعات سندھ مولانا بخش چانڈیو بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

دونوں رہنمائوں نے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جہانگیر بدر پیپلز پارٹی کا اثاثہ اور شہید بینظیر بھٹو کے قابل اعتماد ساتھی تھے، انہوں نے پیپلزپارٹی کیلئے ناقابل فراموش کام کیا جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، خواہش ہے کہ جہانگیر بدر کے بچے اور ہم مل کر کام کریں۔

مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے لئے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی بھی ان کی رہائشگاہ علی ٹائون پہنچے اور مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔ رضا ربانی کھر نے کہا کہ جہانگیر بدر نے پارٹی کے لئے بہت کام کیا ، ان کی سیاست ہمیشہ آمریت کے خلاف رہی اور وہ آمریت کے خلاف ایک مضبوط آواز تھے۔ ان کے علاوہ پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ ، شوکت بسرا ، نوید چوہدری ، بیرسٹر عامر حسن ، تحریک انصاف کے رہنما و سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، اداکارہ میرا ، ڈریس ڈیزائنر بی جی سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ دیگر اہم شخصیات بھی جہانگیر بدر کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے لئے ان کی رہائشگاہ پہنچیں اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی ۔

دن بھر اہم شخصیات کی آمد کے پیش نظر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔