نوجوان نسل میں رواداری کے فروغ ،معاشرے کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے میں آرٹ اور کلچر کا اہم کردار ہے ،کمشنر ساہیوا ل بابر حیات تارڑ

منگل 15 نومبر 2016 20:31

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء)کمشنر ساہیوا ل ڈویژن بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں رواداری کے فروغ اور معاشرے کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے میں آرٹ اور کلچر کا اہم کردار ہے جسے فروغ دینے کیلئے حکومت تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل کے جناح ہال میں ملک کے معروف مصوروں کی پینٹنگز کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ریذیڈنٹ ڈائریکٹر عقیل اشفاق ،ڈپٹی ڈائریکٹر فائن آرٹس نعیم احسان ،ڈائریکٹر کالجز قاضی عبدالناصر ،ڈائریکٹر انفارمیشن ریاض الحق بھٹی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹرریاض ہمدانی کے علاوہ مقامی کالجز کے شعبہ فائب آرٹس کے طلباء و طالبات اور صحافیو ں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

(جاری ہے)

نمائش پنجاب کونسل آف آرٹس کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے جو 3 دن تک جاری رہے گی ۔

نمائش میں پرائڈ آف پرفارمنس حاصل کرنیوالے مصوروں خالد اقبال ، شاہ نواز زیدی ،ڈاکٹر راحت فرید،غلام مصطفیٰ ،میاں اعجاز الحسن اور شاہد جلال کے فن پارے رکھے گئے ہیں ۔کمشنر ساہیوال بابر حیات تارڑ نے کہا کہ مقامی ٹیلنٹ کے فروغ کیلئے طلباء و طالبات میں پینٹنگز اور دوسری اصناف کے مقابلے کروائے جائیں گے جن میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالوں کے فن پاروں کی نمائش بھی کی جائے گی ۔انہوں نے آرٹس کونسل میں آرٹ کلاسز شروع کروانے کی بھی یقین دہانی کروائی تا کہ ان شعبوں میں ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا سکے ۔انہوں نے غیر سرکاری تنظیموں اور آرٹ کے دلدادہ افراد پر زور دیا کہ وہ آرٹ اور کلچر کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کریں تا کہ معاشرے کا سافٹ امیج اجاگر کیا جا سکے ۔