اے این ایف کا وفاقی اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں انسدادِ منشیات کی میڈیا مہم کا انعقاد

منگل 15 نومبر 2016 20:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) اے این ایف نے وفاقی اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں انسدادِ منشیات کی میڈیا مہم کا انعقاد کیا جس کا مقصد منشیات کے استعمال کے نقصانات سے متعلق عوام الناس میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ اس ضمن میںاے این ایف نے مختلف اسٹیشنزپر منشیات سے آگاہی کی واکس منعقد کیں، جس میں لاہور میں جی سی یونیورسٹی تا استنبول چوک ، پشاور میں زرعی یونیورسٹی تا یونیورسٹی چوک ، کراچی میں سعید آباد پولیس ٹریننگ مرکز بلدیہ تا گریس فل گرائمر سکول اور اسلام آباد میں پی ٹی سی چوک خیابانِ اقبال تا ایف نائن پارک شامل ہیں۔

اس تقریب میں تما شعبہ ہائے زندگی کے لوگ شامل ہوئے، جس میں زیادہ تر نامور شخصیات، این جی اوز، میڈیا کے نمائندگان ، طلباء، اساتذہ ،سرکاری ملازمین، اے این ایف یوتھ ایمبیسڈرز، دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سول سوسائٹی کے لوگ شامل تھے۔

(جاری ہے)

ڈی جی اے این ایف میجر جنرل ناصر دلاور شاہ ہلال امتیاز (ملٹری) کی ہدایات کے مطابق، ہر اسٹیشن پر ہونے والی واک میں نوجوان نسل پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔

اس موقع پر حتیٰ الامکان کوشش کی گئی کہ زیادہ سے زیادہ طلباء، اساتذہ اور والدین کو ایک جگہ پر جمع کر کے،انسدادِ منشیات کے سلسلے میں ان کی ذمہ داریوںکے متعلق آگاہی دی جائے۔ اس مہم کو موثر بنانے کے لئے اے این ایف کے یوتھ ایمبیسڈرز کی تعیناتی کو اس طرح یقینی بنایا گیا، کہ یہ اپنے ہم عمرنوجوانوں کو منشیات کے استعمال سے آگاہی کا پیغام احسن طریقے سے پہنچا سکیں۔

اے این ایف کے فورس کمانڈرز اور منتخب نمائندوں نے اختتامی تقریب کے دوران اپنی تقاریر میں شرکاء کومنشیات سے آگاہی کے بارے میں روشناس کیا۔ تقریب کے راستوں اور گردو نواح میں بینرز، سٹیمرز اور پینا فلیکس آویزاں کئے گئے تھے۔ پاس سے گذرنے والے شہریوں اور واک کے شرکاء میں منشیات سے آگاہی کے ہینڈ بلز بھی دئیے گئے۔ متعلقہ شہروں میں منشیات سے متاثرہ علاقوں میں بھی آگاہی بروشر تقسیم کرنے کے خصوصی اقدامات کئے گئے۔

یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ اے این ایف نے منشیات کے خلاف خصوصی سماجی اقدامات میں اضافہ کیا ہے۔اس ضمن میں، اے این ایف کے اسلام آباد، کوئٹہ اور کراچی کے اسپتالوں میں موجود145بسترسے بڑھا کر مزید 173 بستر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو کہ کراچی، سکھر اور پشاور میں عمل میں لایا جائے گا ۔ اے این ایف کی موجودہ منشیات کی طلب میں کمی کے لائحہ عمل مین نوجوان نسل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ بچے منشیات اور دیگر خطرات سے پاک پرورش پا کر معاشرے کے صحت مند اور سود مند شہری بن سکیں۔

متعلقہ عنوان :