مشرف کی وطن واپسی اور سیاست میں انٹری کا دن سیاستدانوں کا آخری دن ہونا چاہیے۔ ہمارے لیے شرم کا مقام ہے کہ جس شخص نے ملک کو تباہ کیا، وہی شخص آکر ملکی سیاست میں حصہ لے۔ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 15 نومبر 2016 19:39

مشرف کی وطن واپسی اور سیاست میں انٹری کا دن سیاستدانوں کا آخری دن ہونا ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 نومبر۔2016ء) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وطن واپسی اور سیاست میں انٹری کا دن سیاستدانوں کا آخری دن ہونا چاہیے۔لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی سینئر رہنما جہانگیر بدر مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی کا کہنا تھا کہ جس شخص نے ملک کا آئین پامال کیا، جس شخص نے ڈو مور پر لبیک کہا جس نے عدلیہ کو معطل کیا اور جس پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہو، اس شخص کے ملک واپس آنے اور سیاست میں حصہ لینے پر ہم سب سیاستدانوں کا وہ آخری دن ہونا چاہیے۔

پرویز مشرف کی وطن واپسی اور ملکی سیاست میں حصہ لینے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ یہ ہمارے لیے شرم کا مقام ہے کہ جس شخص نے ملک کو تباہ کیا، وہی شخص آکر ملکی سیاست میں حصہ لے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو دی گئی خود مختاری پر مکمل طور پر نافذالعمل نہیں کیا جارہا ہے، جس کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ جو قوتیں صوبوں کی خود مختاری کی مخالف ہیں، انہیں یہ بات ذہن نشین کرنی چاہیے کہ صوبوں کی خود مختاری پر قدغن لگانا نہایت ہی خطرناک ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں رضا ربانی نے کہا کہ اگر ملک کے تمام ادارے اپنا کام کرتے رہیں، پارلیمنٹ کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے اور آئین پر من و عن عمل کیا جائے تو تمام ادارے آئین کے اندر رہ کر اپنا کام کرسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ملک میں چار یا پانچ بار جمہوری عمل کو ختم کرکے آئین کو پامال کیا گیا جس سے جمہوریت کمزور ہوئی، جبکہ جمہوریت کوئی لائٹ سوئچ نہیں ہے جس کو آپ کھولیں تو جمہوری عمل شروع ہوجائے گا۔رضا ربانی کا کہنا تھا کہ موجودہ جمہوری نظام میں خامیاں ضرور ہوں گی، مگر جب تک سسٹم نہیں چلے گا تب تک بہتری نہیں آئی گی اور نہ ہی آئین کی حکمرانی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :