Live Updates

عمران خان کاترک صدر کی جانب سے بھیجا گیا ’’ٹائی ‘‘ کا خصوصی تحفہ وصول کرنے کے باوجود اردگان کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے موقع پر پارلیمنٹ جانے سے انکار

ترک صدنے اظہار یکجہتی کیلئے گئے پاکستانی پارلیمانی کے وفد میں شامل پی ٹی آئی کی ممبر منزہ حسن کے ہاتھ عمران خان کیلئے ٹائی کا تحفہ بھجوایا تھا

منگل 15 نومبر 2016 20:41

عمران خان کاترک صدر  کی جانب سے بھیجا گیا  ’’ٹائی ‘‘ کا خصوصی تحفہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ترک صدررجب طیب اردگان کی طرف سے خصوصی تحفہ ’’ٹائی ‘‘ ملنے کے باوجود ترک صدر کے پارلیمنٹ سے خطاب کے موقع پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت سے انکا ر کرتے ہوئے کہہ دیا کہ تحریک انصاف پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم نہیں کرے گی اور ترک صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے خطاب کے موقع پر بھی پارلیمان نہیں جائے گی ۔

ذرائع کے مطابق ترک صدر طیب اردگان نے ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد اظہار یکجہتی کے لئے وہاں کا دورہ کرنے والے پاکستانی پارلیمنٹ کے وفد کے ارکان سے ملاقات کے موقع پر تمام مرد ممبران کو ترکی کی صدارتی ٹائی تحفے میں پیش کی تھی جب کہ خواتین ارکان کو تحفتاًسکارف دیئے تھے ۔

(جاری ہے)

تمام ممبران نے شکریہ کے ساتھ ٹائیاں وصول کیں تاہم وفد میں شامل پی ٹی آئی کی رکن منزہ حسن نے سکارف کی وصولی کے موقع پر ترک صدر سے درخواست کی وہ ایک ٹائی ان کی پارٹی کے سربراہ عمران خان کے لئے بھی تحفہ کریں اور ساتھ ہی عمران خان کی طرف سے فوجی بغاوت کی ناکامی پر مبارک باد کا پیغام بھی پہنچایا ۔

منزہ حسن کی درخواست پر ترک صدر نے عمران خان کے لئے بھی ٹائی کا تحفہ بھجوایا جو منزہ حسن نے بعد ازاں وطن واپسی پر بنی گالہ جا کر عمران خان کو پہنچایا ۔ مشاہد حسین سید کی قیادت میں ترکی جانے والے پارلیمانی وفد میں صاحبزادہ طارق اللہ ، طلحہ محمود، میرکبیر سمیت ستارہ ایاز ، سحر کامران اور منزہ حسن شامل تھیں۔ تاہم اب عمران خان نے ترک سفیر کی درخواست اور ترک صدر کے جذبہ خیرسگالی کے احترام کی بجائے اردگان کے دورہ پاکستان اور ان کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے موقع پر بائیکاٹ ختم کرنے سے انکار کردیاہے …(م د +ع ع )
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :