نئے تعمیر کئے گئے نیول بیس پی این ایس حمید کی کمیشننگ کی تقریب کراچی کے قریب منعقد ہوئی

تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود تھے

منگل 15 نومبر 2016 20:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) نئے تعمیر کئے جانے والے نیول بیس پی این ایس حمید کی کمیشننگ کی تقریب کراچی کے قریب صوبہ سندھ کے ساحلی علاقے میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود تھے۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ بھی تقریب میں موجود تھے۔

پی این ایس حمید کی کمیشننگ پاک بحریہ کی ایک امتیازی کامیابی ہے، سمندر میں فرائض سر انجام دینی والی پاک بحریہ کی یونٹس کو میری ٹائم براڈ کاسٹ کی سہولیات کی دستیابی کے ساتھ ساتھ یہ بیس بہت کم فریکونسی (Very Low Frequency) ٹرانسمیشن کی سہولیات سے آراستہ ہے جو کہ ملک میں اپنے طرز کی پہلی سہولت ہے۔ بہت ہی کم فریکونسی سپیکٹرم میں یہ محفوظ ترین عسکری مواصلاتی رابطہ سب میرین آپریشنز کی رسائی اور وسعت میں اضافے کے ذریعے نئی جہتوں کا باعث ہوگا ۔

(جاری ہے)

سب میرینز جب سطح آب پر ہوتی ہیں تو براڈ کاسٹ پیغام وصول کر سکتی ہیں اور بھیج سکتی ہیں تاہم جب یہ زیر آب چلی جاتی ہیں تو صرف بہت ہی کم فریکوئنسی پر وائرلیس پیغام وصولی کر سکتی ہیں۔اس یونٹ کا نام سابقہ آبدوز غازی کے ایگزیکٹیو آفیسر لیفٹیننٹ کمانڈر پرویز حمید شہید کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔کمیشننگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے منصوبے میں شامل تمام افراد کی محنت و لگن کی تعریف کی اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ پی این ایس حمید کی کمیشننگ سے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوںمیں خاطر خواہ اضافہ ہواہے جس سے ملکی بحری دفاع مزید مضبوط ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی این ایس حمید کی کمیشننگ پاکستان کی میری ٹائم سرحدوں کے دفاع کو یقینی بنانے کے پاک بحریہ کے عزم میں ایک اورسنگِ میل ثابت ہوئی ہے۔چیف آف دی نیول اسٹاف نے اس منصوبے کے ساتھ منسلک رہنے والے تمام افراد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ کے ساحلی خطے میں پی این ایس حمید کی کمیشننگ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے کے سلسلے میں ایک بہت بڑی کامیابی ہے کمیشننگ کی تقریب میں پاکستان نیوی، عسکری اور مقامی سول شخصیات نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :