لاہور ہائیکورٹ ، تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت قائم خصوصی عدالتیں بحال کرنے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

منگل 15 نومبر 2016 20:59

لاہور ہائیکورٹ ، تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت قائم خصوصی عدالتیں بحال ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت قائم خصوصی عدالتیں بحال کرنے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

(جاری ہے)

فاضل عدالت نے رانا علم الدین غازی ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تحفظ پاکستان آرڈیننس متعارف کرایا، اس آرڈیننس کے تحت ملک بھر میں خصوصی عدالتیں قائم کی گئیں اور دہشت گردی کے مقدمات ان خصوصی عدالتوں میں ٹرائل کیلئے پیش کئے جانے لگے، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت کی غفلت کی وجہ سے تحفظ پاکستان آرڈیننس کی پارلیمنٹ سے توسیع نہیں لی جا سکی جس کی وجہ سے آرڈیننس غیرمئوثر ہو گیا اور خصوصی عدالتیں غیرفعال قرار دیکر بند کر دی گئیں، ملک میں اب دوبارہ دہشت گردی پھیل رہی ہے لہذا حکومت کو حکم دیا جائے کہ تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت خصوصی عدالتیں دوبارہ بحال کرنے کا حکم دیا جائے، ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

(بخت گیر)