کراچی،پیپلز پارٹی کے تحت جہانگیر بدر مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے پیپلز سیکریٹریٹ میں قرآن خوانی و فاتحہ خوانی اور دعائیہ تقریب

منگل 15 نومبر 2016 20:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے تحت جہانگیر بدر مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے پیپلز سیکریٹریٹ میں قرآن خوانی و فاتحہ خوانی اور دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر راشد ربانی، ایم این اے نفیسہ شاہ،وقار مہدی،نجمی عالم اورایم این اے ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے خطاب بھی کیا۔تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے نفیسہ شاہ نے مرحوم جہانگر بدر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر بدر ایک مخلص اور وفادار جیالے تھے جنہوں نے ہر مشکل وقت میں بھی پیپلز پارٹی کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا۔شرکا سے خطاب میں راشد ربانی کا کہنا تھا کہ مرحوم جہانگر بدر نے آمریت کے کڑے وقت کا دلیری سے مقابلہ کیا اور انہوں نے ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین کی آواز پر لبیک کہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرحوم جہانگیر بدر کی زندگی نوجوانوں کے لئے ایک مشعل راہ۔

تقریب سے وقار مہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر بدر نے یحییٰ خان ،ضیا الحق اور پرویز مشرف کے دور میں قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کی اور ضیا الحق کے دور میں جہانگیر بدر مرحوم کو کوڑے بھی مارے گئے اور ان کے خلاف جھوٹے کیسز بھی دائر کئے گئے مگر وہ بھٹو کے ایک سچے سپاہی تھے جنہوں نے اس کی پروا کئے بغیر پاکستان کی بقا کئے لئے کھل کر آمریت کے خلاف آواز بلند کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم جہانگیر بدر کو پیپلز پارٹی کی تین نسلوں کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو، بیگم نصرت بھٹو، محترمہ بینظیر بھٹو شہید، سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔تقریب کے آخر میں نجمی عالم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم جہانگیر بدر نے 72 برس کی عمر میں کبھی اپنا رخ تبدیل نہیں کیا وہ پاکستان میں ان سیاستدانوں میں سے تھے جنہوں نے تامرگ اپنی پارٹی اور پارٹی قائدین سے وفاداری نبھائی۔

تعزیتی ریفرنس میں پیپلز پارٹی کے کارکنان نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر ، حبیب الدین جنیدی، ایم پی اے خیر النسا مغل، نادر حسین خواجہ، ،سردار خان، اقبال ساند، منیرا شاکر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :