سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد میں مالیاتی ڈسپلن قائم کرنے کیلئے پالیسیاں بنائی جارہی ہیں،

پالیسوں کا مقصد نہ صرف ادارے کو مالیاتی طور پرمستحکم بلکہ غیر ترقیاتی اخراجات کو کم اور ریونیو میں خا طر خواہ اضا فہ کرنا ہے ، ممبر فنانس فہد ہارون عزیز

منگل 15 نومبر 2016 21:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی ہدایت پر سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد میں مالیاتی ڈسپلن قائم کرنے کے لئے ایسی پالیسیاں بنائی جارہی ہیں جن سے نہ صرف ادارے کو مالیاتی طور پرمستحکم کیا جائے بلکہ غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کرنے اور ریونیو میں خا طر خواہ اضا فہ ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار سی ڈی اے کے ممبر فنانس فہد ہارون عزیز نے منگل کے روز سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں113ویں پبلک فنانس مینجر کورس میں حصہ لینے والے افسران کے ایک وفد کو میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد اور سی ڈی اے کے متعلق ایک تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز آمد پر وفد کو میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد اور سی ڈی اے کے تنظیمی ڈھانچے اور ذمہ داریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسی ڈی اے کے ممبر فنانس نے افسران کو بتایا کہ سی ڈی اے مالیاتی طور پر ایک خودمختار ادارہ ہے اور تمام بڑے منصوبے اپنے ذرائع سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خود انحصاری کی پالیسی کو اپناتے ہوئے شہر میں ایسے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جن سے نہ صرف ادارے کو مستقل آمدنی ہو بلکہ ادارے کے ریونیو میں اضا فہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پہلی مرتبہ شہر کی تعمیر و ترقی اور شہر کی خوبصورتی کے لیے منتخب عوامی نمائندوں کو ذمہ داری سونپی گئی ہے جس کے بعد میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے شہر کی تعمیر و ترقی اور مختلف میگا پراجیکٹس شروع کرنے کے لیے ایک مربوط حکمتِ عملی بنائی ہے جس پر عملدرآمد کی صورت میں اسلام آباد میں ایک واضح تبدیلی نظر آئے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ میئر اسلام آباد کی ہدایت پر اسلام آباد میں جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بنانے کے لیے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے تاکہ اسلام آباد میں ایک سٹیٹ آف دی آرٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بنا کر اسلام آباد میں اس اہم ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی خصوصی ہدایات پر پچھلے کئی سالوں سے تعطل کے شکار ترقیاتی کاموں کو از سرِ نو شروع کر دیا گیا ہے جس کے لیے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں شہری سہولیات میں اضافہ، نئے سیکٹر کھولنے اور روڈ انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنا میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے جس کے لیے تمام شعبوں کو قابلِ عمل تجاویز دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 113ویں پبلک فنانس مینجر کورس کے زیرِ تربیت افسران نے بریفنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مختلف سوالات کئے۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ کو سی ڈی اے کے دورے کی یادگار کے طور پر شیلڈ بھی دی گئی۔

متعلقہ عنوان :