مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں‘محترمہ نائیلہ چوہان

اقوام عالم سلامتی کونسل کی قرادادوں کے مطابق اس کو حل کرکے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روک سکتی ہیں‘ہائی کمشنر پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کے ذریعے اپنے تمام مسائل حل کرنا ہوں گے‘ذوریکا مکارتھی اوررچرڈ سمتھ کا سیمینار سے خطاب پاکستانی ہائی کمیشن آسٹریلیا میں کشمیریوں کی آواز بلند کرنے پر پاکستانیوں کا ہائی کمشنر محترمہ نائیلہ چوہان کو خراج تحسین ومبارکباد

منگل 15 نومبر 2016 21:23

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء) آسٹریلیا میں پاکستان کی ہائی کمشنر نائیلہ چوہان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں‘اقوام عالم سلامتی کونسل کی قرادادوں کے مطابق اس کو حل کرکے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روک سکتی ہیں‘ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز پاکستان ہائی کمیشن میں ’’ جنوبی ایشیاء میں امن و تحفظ کے لیے درپیش چیلنجز‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر سابق سفیر موسی جاوید چوہان‘ پاکستان میں تعینات سابق آسٹریلوی ہائی کمشنر ذوریکا مکارتھی اور سابق آسٹریلوی سیکرٹری خارجہ رچرڈ سمتھ بھی موجود تھے‘قبل ازیں سابق سفیر موسی جاوید چوہان نے مسئلہ کشمیر کو تاریخی حوالے سے اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ بھارتی فوج کے نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کا ذکر بھی بڑی خوبصورتی سے کیاانھوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے‘ سابق آسڑیلوی ہائی کمشنر ذوریکا مکارتھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے علم ہے کہ کشمیر پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن ہے مگر اس مسئلے کا حل دونوں ممالک کو باہمی مذاکرات سے کرنا ہو گا سابق آسٹریلوی خارجہ سیکرٹری رچرڈ سمتھ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے قبل دونوں ممالک کو دوطرفہ تجارت کو فروغ دینا چاہیے پاکستان اور بھارت اپنے اقتصادی حالات کو بہتر بنائیں اور غربت کے خاتمے کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کریںبعد ازاں مقررین نے حاضرین کے سوالات کے جواب بھی دئیے پاکستان ہائی کمیشن نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا تھا جسے شرکاء نے بے حد سراہا‘ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں نے پاکستانی ہائی کمیشن آسٹریلیا میں کشمیریوں کی آواز بلند کرنے پر ہائی کمشنر محترمہ نائیلہ چوہان کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور اس بات کو خوش آئند قرار دیا ہے ‘ ڈاکٹر محمد علی‘ جاوید بٹ ‘ علی خرم‘ اعجاز قریشی اور دیگر نے محترمہ نائیلہ چوہان کی کاوشوں کو سراہا۔