بہاولپور،ہسپتالوں میں میڈیکل سٹاف کی حاضری ،مفت ادویات کی فراہمی کو موثر بنایا جائے،کمشنر ثاقب ظفر

منگل 15 نومبر 2016 21:25

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء)کمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر کے ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ میڈیکل سٹاف کی حاضری ،مفت ادویات کی فراہمی کے نظام اور انتظامی امور کو مزید موثر بنایا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے ڈویژن بھر کے ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور محکمہ صحت کے افسران کو ایک اجلاس کی صدارت کے دوران دیں۔

ویڈیو لنک اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر رحیم یارخاں کیپٹن(ر) ظفر اقبال، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر بہاول نگر اظہر حیات، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر بہاول پور ڈاکٹر احتشام انور مہار، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید وسیم حسن سمیت تینوں اضلاع کے ای ڈی او ہیلتھ اور محکمہ صحت کے دیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر ثاقب ظفر نے کہا کہ ہیلتھ کونسلز کی مشاورت سے تمام تحصیلوں کے ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈینگی کے مریضوں کے لئے بہاول پور کے ہسپتالوں میں 152بیڈز، بہاول نگر میں 64بیڈز، رحیم یارخاں میں 106بیڈز مختص کئے گئے ہیں تاہم کوئی مقامی مریض تاحال رپورٹ نہیں ہوا۔اجلاس کوبتایا گیا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاول نگر میں 31نئے ایئر کنڈیشنر لگائے گئے اور 90ایئر کنڈیشنرز کی مرمت کی گئی۔ اسی طرح 350پرانے بیڈز کو تبدیل کیا گیا جبکہ ایک ہزار نئی بیڈ شیٹس فراہم کی گئی ہیں۔

ٹی ایچ کیوہسپتال بہاول نگر میں 15نئے ایئر کنڈیشنرز، 18ایئر کنڈیشنرز کی مرمت جبکہ 300نئی بیڈ شیٹس فراہم کی گئی ہیں۔ٹی ایچ کیو ہسپتال چشتیاں میں 6نئے ایئر کنڈیشنرز، 25ایئر کنڈیشنرز کی مرمت جبکہ 700نئی بیڈ شیٹس فراہم کی گئی ہیں۔اسی طرح بہاول پور اور بہاول نگر کے ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ایئر کنڈیشنرز کی مرمت، نئی بیڈ شیٹس کی فراہمی اور پرانے بیڈز کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔