سجاول میں تعلقہ اسپتال میں ادویات کی قلت بدستور جاری، ایمرجنسی ادویات بھی دستیاب نہیں

منگل 15 نومبر 2016 21:41

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء) سجاول میں تعلقہ اسپتال میں ادویات کی قلت بدستور جاری ہے ،جبکہ ایمرجنسی ادویات بھی دستیاب نہیں ہیں ، چند روز قبل ڈی جی ہیلتھ حسن مراد شاہ نے سجاول اسپتال کا دورا کرکے انکشاف کیاتھاکہ تعلقہ اسپتال سجاول کو این جی او مرف کے حوالے کردیاگیاہے ،تاہم مذکورہ این جی او نے بھی ادویات کی سپلائی تک نہیں کی ہے ،اس ضمن میں انتہائی حیرت انگیز انکشافات ہوئے ہیں، سجاول تعلقہ اسپتال میں پانچ ماہ سے ادویات کی فراہمی بند ہے اور تمام وارڈس خالی ہیں ،دوسری جانب سجاول ٹھٹھہ کی تیرہ سرکاری اسپتالوں کو این جی او مرف کے حوالے کئے جانے کے باوجود مذکورہ این جی او نے صرف نئے اسٹاف کے لئے اشتہار جاری کیاہے تاہم ان کے ذرائع نے بھی بجٹ نہ ملنے کی شکایت کی ہے ،سجاول تعلقہ اسپتال سجاول کی تین کروڑ روپے بجٹ سمیت دونوں اضلاع کی تیرہ اسپتالوں کی مجموعی طورپر ساٹھ کروڑ روپے بجٹ غائب ہوکر رہ گئی ہے ،سجاول میں ادویات کی قلت کی وجہ سے گذشتہ دنوں ڈائیریاکا ایک مریض فوت ہونے پر ہنگامی بنیادوں پر ادویات کا چندروزہ اسٹاک مہیاکیاگیاہے جس میں انتہائی ضروری کتے کاٹے کے انجکشن، اور تولیدی انجکشن سینٹو فراہم نہیں کئے گئے ہیں اس سے قبل عارضی طورپر جانوروں کے استعمال کی آکسی ٹاکسن انجکشن فراہم کئے گئے جو ختم ہوگئے ، جبکہ دل کے عارضے میں ہنگامی بنیادوں پر ادویات بھی دستیاب نہیں،کینولااور تھرڈ جنریشن اینٹی بایوٹک موجود نہیں ،حال ہی میں فراہم کردہ ادویات کے اسٹاک سے ایک نئے کھانچے کا انکشاف ہواہے ،مذکورہ ادویات ڈی ایچ او ٹھٹھہ کے اسٹاک سے این جی او کی معرفت فراہم کی گئی ہیں اور یہ ادویات مختلف اسپتالوں کے لئے منگوائی گئی تھیں تاہم انہیں فراہم کرنے کے بجائے تمام اسٹاک ڈی ایچ او اسٹور میں جمع کرلیاگیا، سجاول سمیت مختلف اسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت میں اموات ہونے کے باوجود فراہمی نہیں کی گئی اب یہ ادویات این جی او کی معرفت باہر نکالی جارہی ہیں ،اسپتالوں کی حالیہ سالانہ بجٹ کے ساٹھ کروڑ روپے کا کوئی اتاپتانہیں ، اور اس ضمن میں ڈی جی ہیلتھ سمیت متعلقہ اسپتال انتظامیہ کا کوئی موقف سامنے نہیں آرہاہے ، اسپتالوں میں ادویات کی قلت سے مریض شدید پریشانی کا شکارہیں اور اسپتال اب محض ایک کلینک کے طور پر استعمال کئے جارہے ہیں،ذرائع کے مطابق پورے ضلع بھر میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کے لئے عوام پریشان ہیں،موسم کی حالیہ تبدیلی کی وجہ سے کتے کے کاٹنے کے روزانہ ایک درجن کیس رپورٹ ہورہے ہیں۔

#

متعلقہ عنوان :