سیالکوٹ میں خواجہ سرائوں کے ساتھ تشدد وزیادتی کیخلاف اسلام آباد میں خواجہ سرائوں کا احتجاج

پریس کلب کے سامنے روڈ بند کردی گئی ،پنجاب حکومت اور پنجاب پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی

منگل 15 نومبر 2016 21:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء) سیالکوٹ میں خواجہ سرائوں کے ساتھ تشدد اور زیادتی کے خلاف اسلام آباد میں خواجہ سرائوں کا احتجاج پریس کلب کے سامنے روڈ بند کردی۔ تفصیلات کے مطابق دو دن قبل سیالکوٹ میںمبینہ طور پر خواجہ سرائوں کو ججابٹ گروپ نے تشدد کا نشانہ بنایا جس پر خواجہ سرائوں نے گزشتہ روز اسلام آباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور روڈ بند کردی ، پنجاب حکومت اور پنجاب پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر پنجاب پولیس حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔

اور اپیل کی گئی تھی کہ ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے ۔مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت ہمیں تسلیم نہیں کرتی‘ سیاستدانوں اور پولیس کے پاس جاتے ہیں تو ہمارا مذاق اڑایا جاتا ہے پولیس والے انصاف فراہم کرنے کے بجائے الٹا ہم سے رشوت طلب کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

خواجہ سرائوں کا کہنا تھا کہ ہم بھی انسان ہیں اور پاکستانی ہیں ہمیں بھی انصاف ملنا چاہیے۔

اس حوالے سے آن لائن سے گفتگو کرتیہ وئے سنی نامی خواجہ سرا نے بتایا کہ سیالکوٹ میں ہمارے ساتھ ججا بٹ گینگ نے بہت برا سلوک کیا سنی کا کہنا تھا کہ ججا بٹ تین سو افراد پر مشتمل ایک گینگ ہے جو علاقے میں بھتہ خوری اور الیکشن کے دوران جھگڑے فساد اور دیگر جرائم کرتا ہے ججا بٹ گینگ نے ہمارے بھتہ نہ دینے کی وجہ سے تشدد کیا۔ ساری رات مارا پیٹا اور یورین پلایا اور اب ہمیں مار دینے کی دھمکیاں مل رہی ہیں ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہمیں سیکیورٹی فراہم کی جائے اور ہمارے ساتھ ہونے والے تشدد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ (عابد شاہ/راٹھور)

متعلقہ عنوان :