قائمہ کمیٹی کا اجلاس،اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں بھرتی‘ کلاس فور ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کافیصلہ

منگل 15 نومبر 2016 22:01

پشاور۔15نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط،طریقہ کار،استحقاق اور سرکاری یقین دہانیوں پر عملدرآمد کا اجلاس کمیٹی کی قائمقام چیئرپرسن معراج ہمایوں کی زیر صدارت منگل کے روز اسمبلی کے کانفرنس رو م میں منعقد ہوا۔اجلاس میں کمیٹی کے ممبران و اراکین اسمبلی افتخار علی مشوانی،یاسین خان خلیل،محترمہ نجمہ شاہین اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ شاہ محمد وزیر،پارلیمانی سیکرٹری برائے ماحولیات فضل الٰہی بطور محرک کے علاوہ سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم،محکمہ قانون،سی سی پی او پشاور،وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں کمیٹی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی بحث کی گئی اور اس ضمن میں بعض اہم فیصلے بھی کئے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کی کارروائی میں اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں کلاس فور کی اسامیوں میں بے ضابطگی کے حوالے سے یاسین خان خلیل کی تحریک استحقاق پر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ سب کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق بے ضابطگیوں کی رپورٹ کے تناظر میں بھرتی ہونے والے ملازمین کے کنٹریک میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی اور مذکورہ اسامیوں کو دوبارہ مشتہر کر کے تمام قانونی تقاضوں کوپورا کر کے شفاف طریقے سے میرٹ کے مطابق بھرتیاں کی جائیں جبکہ کمیٹی نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے حکام کو ہدایت کی کہ بھرتی کیلئے نئی سیلکشن کمیٹی تشکیل دی جائے اور بھرتی کے عمل کی نگرانی کیلئے متعلقہ ایم پی اے کو بھی مطلع کیاجائے۔

اجلاس کی مزید کارروائی میںایس ایچ او میریان بنوں سے متعلق تحریک استحقاق پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی شاہ محمد وزیر کی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ معراج ہمایوں کی سربراہی میں تین اراکین اسمبلی پر مشتمل سب کمیٹی واقعے کی مکمل چھان بین کر کے کمیٹی کو رپورٹ پیش کرے گی جبکہ محکمہ پولیس کو ہدایت کی گئی کہ سب کمیٹی کی رپورٹ آنے تک مذکورہ ایس ایچ او کو معطل کیاجائے۔

(سابقہ )سب انسپکٹر شاہ پور چوکی پشاور کی جانب سے ہتھک آمیز رویے سے متعلق پارلیمانی سیکرٹری و ایم پی اے فضل الٰہی کی تحریک استحقاق پر کمیٹی کو سی سی پی او کی جانب آگاہ کیاگیاکہ مذکورہ سب انسپکٹرکے خلاف اس ضمن میں محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے اسے آپریشنل ڈیوٹی سے ہٹادیاگیاہے اور سب انسپکٹر کی انسپکٹر کے عہدے پر ہونے والی ترقی بھی منسوح کر دی گئی۔کمیٹی نے سی سی پی او پشاور کو اس ضمن میں تفصیلی رپورٹ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ایس ایچ او غزنی خیل لکی مروت سے متعلق ایم پی اے نور سلیم ملک کی تحریک استحقاق پر محرک کی عدم موجودگی کی وجہ سے کارروائی اگلے اجلاس تک موخر کر دی گئی۔