عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کی باعزت واپسی اور بحالی کے اقدامات اطمینان بخش ہیں‘ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے فاٹا جیسے علاقوں میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کر دیا ہے‘ حکومت اور فوج قبائل عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریگی‘اپنی آئندہ نسلوں کو محفوظ اور خوشحال پاکستان دیں گے

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا شمالی اور جنوبی وزیرستان کے دورہ کے موقع پر مقامی قبائلی عمائدین اور اہلیان علاقہ سے خطاب

منگل 15 نومبر 2016 22:10

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد(آئی ڈی پیز) کی باعزت واپسی اور بحالی کے اقدامات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے فاٹا جیسے علاقوں میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کر دیا ہے‘ حکومت اور فوج قبائل عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریگی‘اپنی آئندہ نسلوں کو محفوظ اور خوشحال پاکستان دیں گے۔

وہ منگل کو شمالی اور جنوبی وزیرستان کے دورہ کے موقع پر مقامی قبائلی عمائدین اور اہلیان علاقہ سے خطاب کر رہے تھے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو فاٹا سے عارضی طور پر نقل مکامی کرنے والوںکی واپسی ‘دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ‘قیام امن کے لئے اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے آئی ڈی پیز کی باعزت واپسی کے حوالے سے متعلقہ اداروں اور افراد کی تعریف کی اور ہدایت دی کہ تمام آئی ڈی پیز کی واپسی 31دسمبر تک یقینی بنائی جائے ۔آرمی چیف نے 84کلومیٹر لمبی بنوں میران شاہ غلام خان روڈ جس کی تعمیر ایف ڈبلییو او نے کی اس کے لئے یو ایس ایڈ نے فنڈنگ کی کا افتتاح بھی کیا ‘اس روڈ سے افغانستان کے لئے تجارتی راستہ بنوں سے غلام خان سرحد چوکی تک 6گھنٹوں سے کم ہو کر ایک گھنٹہ 50منٹ میں طے ہوسکے گا‘ اس سڑک کے مکمل ہونے کے ساتھ سینٹرل ایشیاء کے لئی705کلومیٹر سینٹرل ٹریڈ کوریڈور تک رسائی مکمل ہوجائے گی۔

آرمی چیف نے سٹیٹ آف دی آرٹ یونس خان سپورٹس سٹیڈیم کا افتتاح کیا اور فاٹا الیون اور یونس خان الیون کے مابین افتتاحی میچ بھی دیکھا ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فاٹا میں ٹینلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے ‘فاٹا میں کھیلوں اور تعلمیی سہولیات کے بے پناہ مواقعوں کے بعد یہاں کی یوتھ تعلیم اور کھیل کے شعبے میں بھی اپنا نام پیدا کریگی ۔قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے فاٹا جیسے علاقے سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں کافی کامیابیاں حاصل کی اور سر زمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے‘اس کے لئے سکیورٹی فورسز کو تمام تر وسائل اور سپورٹ فراہم کی جارہی ہے ۔آرمی چیف نے کہا کہ خوشحالی اور سماجی و اقتصادی تبدیلی کے راستے کھولنے کے لئے قبائلیوں کے ساتھ جو بھی وعدے کیے تھے ‘حکومت اور پاک فوج نے سماجی و اقتصادی ترقی کے تمام وعدے پورے کیے ہیں ۔

جنرل راحیل شریف نے اپنی یوتھ کو یقین دلایا کہ "ہم اپنے مستقبل کی نسلوں کے لئے ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان دیں گے " مقامی قبائلیوں نے ان علاقوں سے دہشت گردوں کے خاتمے اور تعمیر نو پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا ۔اس سے قبل بیگم راحیل شریف نے جنوبی وزیرستان میں نئے تعمیر ہونے والے آرمی پبلک سکول کا دورہ کیا اور بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے نمائش کے انعقاد پر سکول کی فیکلٹی اور طالبعلموں اور آرمی پبلک سکولوں میں اپنے بچوں کے بھجوانے پر مقامی لوگوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے زور دیا کہ صرف تعلیم کے ذریعے ہی ہم اپنی نسل کے مستقبل کو روشن کرسکتے ہیں ۔میران شاہ کے دورہ کے دوران بیگم راحیل شریف نے خواتین کے ایک بڑے اجتماع میں شرکت کی اور خواتین کی قربانیوں کو سراہا اور ان کے مسائل سنے ۔آرمی چیف کا وزیرستان پہنچنے پر کورکمانڈنر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے ان کا خیر مقدم کیا ۔