پرامن معاشرے کی بنیاد کے لئے ’’برداشت‘‘ انتہائی اہم جز ہے، بلاول بھٹو زرداری کا ’’عالمی یوم برداشت‘‘ کے موقع پر پیغام

منگل 15 نومبر 2016 22:27

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انسانی معاشرے سے’’ برداشت‘‘ ختم ہوتی جا رہی ہے ، دنیا کے زیادہ تر لوگ تعصب اور نفرت پر مبنی حوالاجات استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے منائے جانے والے ’’عالمی یوم برداشت‘‘ کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ انسانی بھائی چارے، مساوات اور میرٹ پر مشتمل کسی بھی پرامن معاشرے کی بنیاد کے لئے ’’برداشت‘‘ انتہائی اہم جز ہے، حالانکہ بدقسمتی سے دنیا کے مختلف حصوں میں ’’برداشت‘‘ کو اس طرح آگے نہیں بڑھایا جا رہا جس طرح بڑھانا چاہئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی ’’برداشت‘‘ کی پالیسی رکھی ہوئی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نفرت اور تعصب کو ہوا دینے کے عمل کی حوصلہ شکنی کرنی پڑے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بانیان وطن کے ویژن اور تعلیمات پر مشتمل مساوی پاکستان کے لئے اپنی جدوجہد میں ’’برداشت‘‘ والی پالیسی جاری رکھیں گے۔