وفاق نے داخلی اور معاشی معاملات میں چھوٹے صوبوں کے مفادات اور قومی یکجہتی کو دائو پر لگا دیا ہے،مظفر سید ایڈوکیٹ

منگل 15 نومبر 2016 22:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیرخزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہاہے کہ سی پیک پر کامیاب کل جماعتی کانفرنس سے صوبائی حکومت بھی اپنا فرض نبھانے میں سرخرو ہوگئی ہے اور اب اکیلے ہماری حکومت نہیں بلکہ تمام سیاسی قوتیں مل کر صوبے کا کیس لڑیں گی اور کامیابی بھی ملے گی انہوں نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ نواز شریف کی وفاقی حکومت نے سیاسی، داخلی اور معاشی معاملات میں چھوٹے صوبوں کے مفادات اور قومی یکجہتی کو دائو پر لگا دیا ہے سی پیک جیسے اہم معاہدے پر صرف پنجاب حکومت کو اعتماد میں لینا ضروری سمجھا گیا اسطرح کی سولو فلائٹ ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کا باعث بنے گی مرکز اسلامی پشاور میں اے پی سی اعلامیہ کے بعد اخباری نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ آج مسلم لیگ (ن) کے سوا صوبے کی سولہ سیاسی جماعتوں نے بیک زبان سی پیک پر خیبرپختونخوا کی حق تلفی کی مذمت کر دی ہے حتیٰ کہ جے یو آئی کے سینیٹر مولانا گل نصیب خان نے بھی 28مئی کے اے پی سی میں وزیراعظم کو وعدہ ایفا کرنے پر زور دیا ہے حیرت ہے کہ نواز حکومت ہر دور میں قومی یکجہتی کے منافی اقدامات سے نہیں چوکتی پچھلی بار کالاباغ ڈیم کا متنازعہ منصوبہ بلکہ شوشا چھیڑا مگر اب بین الاقوامی اہمیت کے منصوبے کو متنازعہ بنانے پر تلی ہے ہم سی پیک کے خلاف نہیں صرف اپنا حصہ اور فائدہ مانگتے ہیں چین نے اپنے پسماندہ علاقوں کو سی پیک میں شامل کیا مگر نواز حکومت خیبر پختونخوا، فاٹا اور بلوچستان کے تمام پسماندہ علاقوں کو نظر انداز کرکے ملک دشمنی کی مرتکب ہو رہی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ ہماری صوبائی حکومت کو بھی چین سے ہونے والے سی پیک معاہدے کی نقول دی جائیں اور انہیں مخفی نہ رکھا جائے نیز ہمیں بھی کاریڈور کے فوائد سے مستفید ہونے کے مواقع دئیے جائیں مغربی روٹ کے علاوہ چکدرہ تا چترال شاہراہ کو بھی سی پیک کا ترجیحی حصہ بنایا جائے اور انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کے علاوہ آگے تاجکستان اور دیگر وسطی ایشیائی ریاستوں سے تجارتی روابط بڑھانے کی منصوبہ بندی پر بھی کام شروع کیا جائے مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہمارے عوام کی طویل اور صبرآزماجدوجہد کی بدولت امن قائم ہو چکا خیبرپختونخوا کے عوام کو بھی دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیوں کا ثمر سی پیک کی صورت میں ملنا چاہیئے یہ عظیم منصوبہ پاک چین دوستی کو مزید بلندیوں پر لے جائے گا اور بدامنی و پسماندگی کے شکار اس خطے میں معاشی سرگرمیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو گا انہوں نے کہا کہ سوات موٹروے کی شکل میں ملاکنڈ کے عوام کو شاہراہ ہی نہیں بلکہ عظیم ترقیاتی پیکیج ملا ہے کیونکہ شاہراہ کے دونوں اطراف میں صنعتی و تجارتی زون بھی قائم ہونگے جنکی بدولت روزگار کے مواقع بڑھنے کے علاوہ سوات، دیر و چترال کی حسین وادیوں میں سیاحت کو بھی زبردست ترقی ملے گی اسے سی پیک کا حصہ بنانے سے یہ قومی خوشحالی کا پیش خیمہ بنے گاانہوں نے کہا کہ تیس ارب روپے سے زیادہ لاگت کا یہ میگا منصوبہ صوبائی حکومت اپنے دستیاب وسائل سے شروع کر رہا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکز صوبے میں شاہراہوں اور صنعت و سیاحت کے شعبوں میں صوبائی حکومت سے بھرپور تعاون کرے گا جو صوبے کا بنیادی حق ہے اوریہ قومی یکجہتی کے فروغ میں تقویت کا باعث بنے گا اس ضمن میں ہمارے ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ بھی فعال کردار ادا کرینگے۔