Live Updates

پانامالیکس کے حوالے سے تحریک انصاف کے دعوے کھوکلے نکلے،پی ٹی آئی نے ہمیشہ ثبوت کے بغیر الزامات لگائے،عوام دھرنے اور احتجاج کی سیاست کو مسترد کرچکے، حکومت اور وزیر اعظم سے عمران خان کی سڑن جلن کا ہمارے پاس کوئی علاج نہیں،خواجہ محمد آصف اورخواجہ سعد رفیق کی پانامہ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 15 نومبر 2016 22:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف اورخواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پانامالیکس کے حوالے سے تحریک انصاف کے دعوے کھوکلے نکلے، وزیر اعظم نے کئی ماہ پہلے ہی اپنے آپ کو پارلیمنٹ اور کمیشن میں احتساب کے لئے پیش کرنے کی آفر کی تھی ہمیں عدالت عظمیٰ پر پورا اعتماد ہے۔ منگل کویہاں پانامہ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ تحریک انصاف کے دعوے جھوٹے نکلے ہیں، ہم جانتے تھے کہ وہ بے بنیاد باتیں کررہے ہیں تاہم معامعلہ عدالت میں زیر سماعت ہے اس لئے اس پر زیادہ کہنا مناسب نہیں، کل بھی ہماری فتح ہوئی تھی اور آئندہ بھی ہم سرخ رو ہوں گے اور ہمیں انصاف ملے گا۔

وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عوام پہلے کی طرح تحریک انصاف کے دھرنے اور احتجاج کی سیاست کو مسترد کرچکے ہیں ، راولپنڈی کے ایک صاحب کی تو مت ہی ماری گئی ہے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی میں انہیں کوئی پوچھتا نہیں، اب عدالت نے بھی ان پر مہر ثبت کی ہے کہ ان کو سیاست چھوڑدینی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہاکہ دھرنے کے روز وہ موٹر سائیکل پر چار لڑکوں کے ساتھ نکلے اور خود ہی مووی بناتے رہے ، ہمارے پاس عمران خان کی حکومت اور وزیر اعظم سے سڑن جلن کا کوئی علاج نہیں، اب شاہ محمود قریشی پر بھی ان کا رنگ چڑھ گیا ہے تحریک انصاف نے ہمیشہ ثبوت کے بغیر الزامات لگائے ہیں لیکن ہم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو روشن اور ترقی پسند ریاست بنائیں گے، ن لیگ کی حکومت قائم اور مستحکم رہے گی،اورہم پرکوئی سیاسی حملہ کامیاب نہ ہوگا، دریں اثناء وزیراعظم محمد نوازشریف کے بچوں کے وکیل اکرم شیخ نے پاناما کیس کی سماعت کے بعد بات چبی کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز لندن کے فلیٹس میں ٹرسٹی ہیں،حسن اور حسین اپنے والد میاں نوازشریف سے پیسے لینے کی بجائے اپنی فیملی کو سپورٹ کر رہے ہیں،ان کاکہناتھا کہ نوازشریف کا ایک بیٹا22اور دوسرا16سال سے بیرون ملک میں مقیم ہیں ،ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا دیکھ لے کہ سچ کیا ہے اور جھوٹ کیا ہے، پاکستا ن سے باہرکوئی پیسہ نہیں گیا، عدالت سے وقت ہم نے مانگا تھا لیکن وقت تحریک انصاف والے لے گئے،ہم نے ثبوت د ے دئیے ہیں کہ ایک پیسہ ملک سے باہر نہیںگیا میاں شریف نے شیخ راشدالمکتوم کے ساتھ مل کر گلف اسٹیل مل لگائی تھی،اسی کمپنی نے فلیٹ خرید کر نوازشریف کے بیٹے کے نام کیا،میں وزیراعظم نوازشریف کے بچوں کا وکیل ہوں،میں نتائج کی پرواہ کئے بغیر عدالت کی معاونت کروں گا، ہم چاہتے ہیں کہ معاملے پر کمیشن نہ بنے بلکہ کھلی عدالت میں چلے، جبکہ پی ایم ایل (این) کے ممبر قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان شکست خوردہ شخص ہیں، عدالت میں تحریک انصاف کی جانب سے جمع کروائی گئی دستاویزات کا پانامہ سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ سب کاغذی کچرا ہے ،شیخ رشید اپنے ساتھ عمران خان کو بھی ڈبوئیں گے،وزیراعظم نوازشریف کی طرح مریم نواز بھی سرخرو ہوں گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات