قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ سے پیپلز پارٹی خیبر ایجنسی کے پیپلز کسان وفد کی ملاقات،زرعی قرضے معاف کرانے کے لئے کردار ادا کرنے کی اپیل

منگل 15 نومبر 2016 22:49

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ سے منگل کو ان کی رہائش گاہ پر پیپلز پارٹی خیبر ایجنسی کے پیپلز کسان وفد نے سید اخوند زادہ چٹان اور صدر پی پی پی خیبرایجنسی کی زیر قیادت ملاقات کی۔ وفد نے اپوزیشن لیڈر کو بتایا کہ فاٹا میں دوسری ایجنسیوں کی طرح زرعی قرضے دئے گئے تھے لیکن پھر علاقے میں آپریشن اور آئی ڈی پیز کی وجہ سے زرعی شعبے میں مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے اور کسانوں کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔

(جاری ہے)

وفد نے اپوزیشن لیڈر کو بتایا کہ ان حالات میں وہ زرعی قرضے واپس نہیں کر سکتے لہذا حکومت دیگر علاقوں کی طرح خیبر ایجنسی کے تین چار کروڑ کے قرضے بھی معاف کرے۔ وفد نے بتایا کہ فاٹا کی دیگر ایجنسیوں میں زرعی قرضوں کا پھر سے اجرا کیا جا رہا ہے تو ان قرضوں کا اجرا خیبر ایجنسی میں بھی کیا جائے۔ اپوزیشن لیڈر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر متعلقہ فورم پر آواز اٹھائی جائے گی اور ان کے جائز مسائل کو حل کرایا جائے گا اور ان کیلئے نئے زرعی قرضوں کے اجرا کو بھی ممکن بنایا جائے گا۔