اداکارہ ماورا حسین نے اچانک باکسنگ شروع کر دی

ڈرامے میں کام کرنے کیلئے مجھے وزن کم کرنے کی ضرورت تھی جس لیے باکسنگ کر رہی ہوں‘انٹرویو

بدھ 16 نومبر 2016 11:45

اداکارہ ماورا حسین نے اچانک باکسنگ شروع کر دی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء)پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ریلیز باکسنگ کرتی ہوئی ویڈیو نے یہ ثابت کردیا کہ وہ فٹنس میں کسی سے کم نہیں۔اس ویڈیو میں اداکارہ جس طرح سے باکسنگ کررہی ہیں، اسے دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یہ ان کا نیا مشغلہ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک انٹرویو میں ماورا حسین نے کہا اپنے ڈرامے ’’سمیع‘‘ میں، میں 18 سال کی نوجوان لڑکی کا کردار ادا کررہی ہوں، اور اس عمر کا لگنے کے لیے مجھے مزید وزن کم کرنے کی ضرورت تھی، اس لیے میں نے باکسنگ کا آغاز کیا، شکر ہے میں اب تک 8 کلو وزن کم کرچکی ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں ماورا حسین نے کہا کہ مداح مجھے نہیں اپنے دل کو فالو کریں، میں طویل عرصے سے باکسنگ سیکھنا چاہتی تھی، میں اب خود کو مزید طاقتور محسوس کرتی ہوں، اس سے آپ کی زندگی میں نظم و ضبط آتا ہے، میں باکسنگ کے علاوہ دیگر ورزش اور یوگا بھی کرتی رہتی ہوں۔واضح رہے کہ ماورا حسین کے ڈرامے 'سمیع' کی کہانی بچوں پر تشدد کے مسائل پر مبنی ہے۔یہ ڈرامہ جان ہوپکنز یونیورسٹی کے اشتراک سے تیار کیا جارہا ہے۔