ترک صدر رجب طیب اردگان آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 16 نومبر 2016 12:32

ترک صدر رجب طیب اردگان آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے

ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 نومبر۔2016ء) ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان حکومت پاکستان کی دعوت پر دو روزہ دورے پرآج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔حکومت کی جانب سے اس دورے کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے اور ترک صدر کو غیر معمولی استقبال دینے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ سکیورٹی خدشات کی بنا پر میڈیا کو باضابطہ طور اس دورے کی جزئیات کے بارے میں آگاہ نہیں کیا جا رہا لیکن سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف ترک صدر کا ہوائی اڈے پر استقبال کریں گے۔

اگر ایسا ہوتا ہے تو سفارتی ذرائع اس استقبال کو غیر معمولی قرار دے رہے ہیں کیونکہ پاکستانی سفارتی پروٹوکول کے تحت صدر پاکستان عموماً کسی بھی مہمان کا استقبال کرنے ہوائی اڈے پر نہیں جاتے۔

(جاری ہے)

اس غیر معمولی استقبال کے علاوہ ترک صدر کے اسلام آباد پہنچنے سے ایک رات قبل منگل کو حکومت نے ترکی کی ایک نجی تنظیم کے زیراہتمام چلنے والے سکولوں کے اساتذہ کو تین روز کے اندر پاکستان چھوڑنے کی جو ہدایت دی۔

بعض مبصرین اس اقدام کو بھی صدر رجب طیب اردوغان کے غیر معمولی استقبال کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ ترک حکومت نے چند ہفتے قبل ہی پاکستانی حکومت سے درخواست کی تھی کہ ترکی کی ایک غیر سرکاری تنظیم کے تحت چلنے والے ان ترک سکولوں کا انتظامی کنٹرول اس تنظیم سے واپس لے لے۔ترک حکومت کا خیال ہے کہ ان سکولوں کو چلانے والی اس تنظیم کا تعلق امریکہ میں جلاوطن ترک رہنما فتح اللہ گولن سے ہے جنھیں ترک حکومت جولائی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کا ماسٹر مائنڈ قرار دیتی ہے۔

ترک صدر کی پاکستان آمد سے ایک روز قبل ان سکولوں میں کام کرنے والے چار سو کے قریب اساتذہ اور ان کے اہلخانہ کو ملک سے چلے جانے کی ہدایت بھی بعض سیاسی مبصرین کے مطابق ترک صدر کے استقبال کو غیر معمولی بنا دیتی ہے۔ اسلام آباد پہنچنے کے بعد رجب طیب اردوغان براہ راست ایوان صدر جائیں گے جہاں ان کے لیے سرکاری استقبالیے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اگلے جمعرات کو ترک صدر پاکستانی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے جس کا پاکستان تحریک انصاف نے بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔پارلیمنٹ سے خطاب کے بعد ترک صدر لاہور روانہ ہو جائیں گے جہاں مشہور شاہی قلعے میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ان کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت دی جائے گی جس میں اعلیٰ سرکاری حکام کے علاوہ ملکی سیاسی قیادت کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ترک صدر اسی رات لاہور سے اپنے وطن روانہ ہو جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :