پاکستان کو نیوزی لینڈ کیخلاف 31سالہ حکمرانی برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش

بدھ 16 نومبر 2016 12:38

پاکستان کو نیوزی لینڈ کیخلاف 31سالہ حکمرانی برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش

کرائسٹ چرچ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 16نومبر۔2016ء ) پاکستان کو نیوزی لینڈ پر ٹیسٹ فارمیٹ میں 31 سالہ حکمرانی برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہوگا، اس عرصے میں ہوئی باہمی 12 سیریز کے دوران 7 میں گرین کیپس سرخرو رہے اورباقی5 ڈرا ہوئیں، مجموعی طور پر21 سیریزمیں بھی گرین شرٹس کا پلڑہ بھاری ہے ، 13میں وہ کامیاب رہے، کیویز صرف 2 بارہی سیریز جیت پائے ۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے دوسری اور آخری مرتبہ پاکستان کیخلاف 1985ء میں ٹیسٹ سیریز میں ہوم گراؤنڈپر2-0 سے کامیابی حاصل کی تھی جسکے بعد سے کیویز ،گرین کیپس سے کوئی سیریز اپنے نام نہیں کرپائی، پاکستان نے کیوی دیس کا ٹور فروری 1989 میں کیا، جس میں دونوں ٹیسٹ ڈرا ہوگئے ۔اکتوبر 1990 ء میں نیوزی لینڈ پاکستان سے تینوں ٹیسٹ ہار کر واپس لوٹی۔

(جاری ہے)

1993 ء کے نیوزی لینڈ ٹور میں پاکستان نے واحد ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کو ہرایا ۔ فروری 1994ء میں پاکستان نے نیوزی لینڈ میں 3 میچز میں سے 2 جیت کر سیریز اپنے نام کرلی۔1995میں کیوی دیس کے ٹور میں فتح پاکستان کا مقدر بنی، 1996ء میں کیویز پاکستان آئی اور سیریز ڈرا ہوگئی،2001 ء میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کا دورہ کیا جہاں سیریز بے نتیجہ رہی۔ 2002ء میں نیوزی لینڈ نے پاکستان میں ایک ٹیسٹ کھیلا اور ناکام رہا ،2003ء میں پاکستان نے نیوزی لینڈ میں2-1 سے سیریز جیتی، 2009ء میں گرین کیپس کے دورہ نیوزی لینڈ میں سیریز1-1سے ڈرا ہوئی،2011ء میں پاکستان1-0 سے نیوزی لینڈ میں کامیاب رہا جبکہ2014 ء میں کیویز نے یو اے ای میں پاکستان سے سیریز ڈرا کی۔

دونوں ممالک کے درمیان تاریخ کی پہلی سیریز1955-56ء میں کھیلی گئی تھی ۔کیویز کو گرین کیپس پر پہلی ٹیسٹ سیریز کامیابی 1969-70ء کی 3 میچز کی ہوم سیریز میں1-0 سے حاصل ہوئی تھی۔