ملاوٹ شدہ اشیاء خورد و نوش کے خلاف تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

بدھ 16 نومبر 2016 13:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار خبر کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں ملاوٹ شدہ اشیا خوردونوش کی کھلے عام فروخت جاری ہے جس کے باعث شہری پیچیدہ اور مہلک امراض کا شکار ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

حکومت اداروں اور اہلکاروں نے چپ سادھ رکھی ہے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مناسب حکمت عملی نہ ہونے کے باعث ملاوٹ مافیا اور ناجائز منافع خور مافیا کھل کر کھیل رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں انڈیسٹریل کلرز، زہریلے کیمیکلز، حرام جانوروں کی چربی، سیورج ملا پانی سمیت دیگر اشیاء ملا کر غیر معیاری گھی، کوکنگ آئل، مضر صحت دودھ، برانڈڈ مشروبات کی جعلی بوتلیں، مصالحہ جات، چائے کی پتی، کیچپ، خشک دودھ تیار کیا جا رہا ہے جس کے استعمال سے شہری ہیپاٹائٹس، گردوں کی بیماریوں، معدہ اور انتڑیوں کے کینسر، دل، دماغ اور آنکھوں سیمیت دیگر امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔ متعلقہ ادارے صرف نوٹسز اور جرمانوں کی حد تک ہی محدود ہیں ۔