گوادر بندر گاہ اور راہداری منصوبہ پاکستان سرمایہ کاروں کی پسندیدہ منڈی بن رہا ہے ‘ارشد بیگ

بدھ 16 نومبر 2016 13:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) سینئر وائس چیئرمین فیروز پور انڈسٹریل ایسوسی ایشن نے ارشد بیگ نے کہا ہے کہ گوادر بندر گاہ اور راہداری منصوبہ سے پاکستان سرمایہ کاروں کی پسندیدہ منڈی بن رہا ہے جس سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی ،پاک چین راہداری منصوبہ میں نئے انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام اور سرمایہ کاری کے لیے مراعات سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے صنعتکاروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ارشد بیگ نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے ایشیائی ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی جس کا فائدہ پاکستان کے ساتھ ساتھ خطے کے دوسرے ممالک کو بھی ہوگا۔ اور دنیا بھر سے ہونے والی سمندری تجارت سے پورے خطے میں معاشی استحکام آئے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری اور گوادر بندر گا ہ سے تجارتی سرگرمیوںسے چین کے ساتھ وسطی ایشیائی ریاستیں بھی بھر پور فائدہ اٹھائیں گی اور اپنی اشیاء کو گوادر بندرگاہ سے بیرون ملک ارسال کرکے اپنی برآمدات میں اضافہ کرینگی جبکہ پاکستانی صنعتکار بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھاکر اپنی مصنوعا ت تیزترین ذرائع سے بیرون ملک بھجوا کر ملکی برآمدات میں اضافہ کرینگے ۔

گوادر پورٹ اور سی پیک منصوبہ پاکستان کو صنعتی لحاظ سے ایشیاء کا ٹائیگر بنائے گا اور حکومت کا صنعتی ترقی کاخواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا ۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت تجارتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے ۔اور ہر ہفتے ایک ہزار چینی کینٹینر قراقرم ہائی وے کے ذریعے پاکستان میں سی پیک کے ذریعے گوادر پورٹ کے ذریعے بیرون ملک جائیں گے جس سے پاکستان کو اقتصادی راہداری کی مد میں اربوں ڈالر آمدنی ہوگی ۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں سے جہاں پاکستان کو کثیر زرمبادلہ حاصل ہوگا وہاں ملکی معیشت بھی استحکام پذیر ہوگی اور ملک میں روزگار کے لاکھوں مواقع دستیاب ہونے سے بے روزگاری کا مسئلہ بھی حل ہوگا۔سی پیک منصوبہ پاکستان کی آئندہ نسلوں کے مستقبل کو سنوارنے میں معاون ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :