تحریک آزادی جموں وکشمیر میں نوجوانوں سمیت یہاں کے عوام کا پختہ عزم ہی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہے ،ْ میر واعظ عمر فاروق

ہمیں ہمارا بنیادی حق حق خودارادیت ہر صورت چاہیے جس کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ،ْ حریت رہنما کا انٹرویو

بدھ 16 نومبر 2016 14:24

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء)کشمیری حریت پسند رہنما میر واعظ عمرفاروق نے کہا ہے کہ تحریک آزادی جموں وکشمیر میں نوجوانوں سمیت یہاں کے عوام کا پختہ عزم ہی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہے ،ْہمیں ہمارا بنیادی حق حق خودارادیت ہر صورت چاہیے جس کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے اور عوام کی مشکلات کو بھی کم کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ ہم اپنی اس تحریک آزادی کو جلد سے جلد منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیںجس کے لیے بھرپور کوششیں بھی کی جا رہی ہیں، بھارت ہٹ دھرمی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور طاقت اور تشدد کے بل بوتے پر تحریک آزادی جموں و کشمیر کو دبانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، بھارت کی اس تحریک کو دبانے کی کوشش نہ تو ماضی میں کامیاب ہوئی ہے اور نہ ہی اب ہوگی، انہوں نے کہا کہ ہماری پوری مزاحمتی قیادت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ متفقہ لائحہ عمل تشکیل دیا جائے اور مزاحمتی احتجاجی تحریک جاری رہے گی جس میں ہر طبقہ فکر کے لوگ شامل ہیں، یہاں کے لوگوں کی مشکلات میں کمی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تا کہ ہماری اس تحریک کے ساتھ ساتھ لوگوں کی مشکلات بھی کم ہوں، میر واعظ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی یہ تحریک کسی کی سپانسرڈ نہیں بلکہ ہماری اپنی تحریک ہے جس میں ہم اپنے بنیادی حق حق خود ارادیت کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہون نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد اس تحریک میں ایک نئی لہر پیدا ہو چکی ہے اور کشمیری لوگوں کا کلیر مدعا یہی ہے کہ ہمیں ہمارا بنیادی حق حق خودارادیت ہر صورت چاہیے جس کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے اور عوام کی مشکلات کو بھی کم کرنے کی کوشش کریں گے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی مکروہ چہرہ عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب ہوتا جا رہا ہے اور یہ بات سب کے سامنے واضح ہو رہی ہے کہ بھارت مقبوضہ وادی میں ظلم و بربریت کی انتہا کیے ہوئے ہے، میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ دنیا جانتی ہے کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جسے پاکستان بھارت اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو مل کر حل کرنا ہوگا۔